’تمہاری حالت بھی سدھو موسی والا جیسی ہوگی‘، دھمکی کے بعد سلمان خان کے گھر پہنچی پولیس

سلمان خان اور سلیم خان کے نام دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے جس میں لکھا تھا کہ دونوں کو سدھو موسی والا کی طرح مارا جائے گا۔

سلمان خان / آئی اے این ایس
سلمان خان / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

یہ جگ ظاہر ہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی بالی ووڈ اداکار سلمان خان سے سخت ناراض ہے اور کہا یہ جاتا ہے کہ وہ ان کو مارنا چاہتا ہے۔ خبریں یہ بھی ہیں کہ لارنس بشنوئی نے کسی کو سلمان خان کو مارنے کی سپاری بھی دی ہے اور اس گینگ نے سلمان خان کی ریکی بھی کی تھی لیکن اس گینگ کو کامیابی نہیں ملی تھی۔ اب ایک مرتبہ پھر یہ خبر گشت کر رہی ہے کہ سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے، جس کے بعد ممبئی پولیس حرکت میں آگئی ہے۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق آج ممبئی پولیس کی ایک ٹیم سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹس پہنچی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سلمان خان کو دھمکی ملی تھی کہ انہیں بھی سدھو موسی والا کی طرح مار دیا جائے گا۔

یہ دھمکی بھرا خط سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کے نام سے نامعلوم شخص نے بھیجا تھا۔ یہ خط اتوار کو باندرہ کے بینڈ اسٹینڈ پرومینیڈ سے ملا۔ یہ خط سلیم خان کے گارڈ کو اس جگہ سے ملا جہاں سلیم خان صبح کی سیر کے بعد بیٹھنے جاتے ہیں۔ دھمکی آمیز خط میں لکھا تھا کہ ’سلیم خان، سلمان خان، بہت جلد تمہاری حالت سدھو موسی والا جیسی ہو جائے گی۔‘ اس معاملے میں ممبئی کی باندرہ پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے، پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 506 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔


سدھو موسی والا کے قتل کے بعد سلمان کو دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد پورے بالی ووڈ میں ہلچل مچ گئی ہے۔ مداحوں سے لے کر مشہور شخصیات تک سبھی سلمان خان کو لے کر بہت پریشان ہیں۔ پولیس بھی اب اس معاملے میں الرٹ موڈ میں ہے اور پورے معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کر رہی ہے۔ جوائنٹ کمشنر وشواس ناگرے پاٹل اور ڈی سی پی منجوناتھ شینگے سلمان کے گھر پہنچے تھے۔ تاہم پوچھ گچھ کے بعد وہ سلمان کے گھر سے نکل چکے ہیں۔

سلیم خان نے پولیس کو بتایا تھا کہ صبح کی سیر سے فارغ ہونے کے بعد ان کا روزانہ ایک ہی بنچ پر بیٹھنا طے ہے۔ وہ اتوار کی صبح اپنے دو محافظوں کے ساتھ چہل قدمی کے لیے گئے تھے۔ ایسے میں ایک محافظ نے خط کو بنچ پر پڑا دیکھا۔ سلیم خان نے اپنی شکایت میں کسی پر جان سے مارنے کی دھمکی دینے کا شک نہیں کیا ہے۔ انہوں نے دھمکی آمیز خط بھی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ پولیس اس معاملے میں تفتیش کر رہی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ سلمان خان اور ان کے والد کو جان سے مارنے کی دھمکی کس نے دی ہے۔


پنجابی گلوکار سدھو موسی والا کو حال ہی میں دن دھاڑے بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ سدھو موسی والا پر 30 راؤنڈ فائر کیے گئے۔ گلوکار کے قتل کے بعد بالی ووڈ کے سب سے بڑے اسٹار کو دھمکیاں ملنا واقعی تشویشناک ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔