ائمہ و موذنین مساجد کی تنخواہیں وقف بورڈ ادا کرے: مسلم نمائندہ کونسل

ائمہ و موذنین مساجد کی کوئی مستقل آمدنی نہیں ہے۔ اور ان کا گزر بسر مساجد میں نمازوں کے بعد اور بطور خاص نماز جمعہ کے بعد جمع ہونے والے عوامی چندے پر منحصر ہے۔ اس لئے ان کی تنخواہیں وقف بورڈ ادا کرے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اورنگ آباد: کووڈ- 19 کے سبب آج پورے ملک میں لوگ مختلف نوعیت کی پریشانیوں اور مشکلات کا شکار ہیں ایسے وقت میں غریب مزدور پیشہ طبقہ اور انتہائی قلیل آمدنی پر گزارا کرنے والے افراد انتہائی سخت حالات کا سامنا کر رہے ہیں، ان میں ائمہ و موذنین مساجد کی ایک قابل لحاظ تعداد بھی شامل ہے، جن کی کوئی مستقل آمدنی نہیں ہے۔ اور ان کا گزر بسر مساجد میں نمازوں کے بعد اور بطور خاص نماز جمعہ کے بعد جمع ہونے والے عوامی چندے پر منحصر ہے۔ ایسے ائمہ و موذنین مساجد کو مہاراشٹر وقف بورڈ ہر ماہ پانچ ہزار روپے بطور تنخواہ ادا کرے اس طرح کا مطالبہ مسلم نمائندہ کونسل اورنگ آباد کی جانب سے کیا گیا ہے۔

مہاراشٹر وقف بورڈ کو، مسلم نمائندہ کونسل کے صدر ضیاء الدین صدیقی کی جانب سے دیئے گئے ایک محضر میں کووڈ- 19 کے سبب موجودہ صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اب جبکہ لاک ڈاؤن کی مدت میں 3 مئی تک مزید توسیع کر دی گئی ہے، صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے، مساجد میں بطور احتیاط نمازیں نہیں پرھی جا رہی ہیں، نیز جمعہ کی نمازیں بھی نہیں ہو رہی ہیں۔ ایسی حالت میں ایسے ائمہ و موذنین مساجد جن کا گزر بسر جمع ہونے والے چندوں پر ہی منحصر ہے، وہ سخت پریشانی اور مصائب کا شکار ہیں۔ اس لیے وقف بورڈ کی جانب سے انھیں ہرماہ 5000 روپیہ بطور تنخواہ ادا کیے جائیں۔


محضر میں کہا گیا ہے کہ ایسا کرنا، وقف بور کے قیام کی منشاء اور اغراض و مقاصد کے عین مطابق ہو گا اور عوام کی نظروں میں وقف بورڈ کے وقار اور عزت و احترام میں اضافے کا سبب بھی بنے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔