نوئیڈا میں ملازمین کا پُرتشدد احتجاج، اکھلیش نے بی جے پی حکومت کو بنایا نشانہ
اکھلیش یادو نے کہا کہ بے تحاشہ مہنگائی کے اس دور میں کم تنخواہ میں گھر چلانا کتنا مشکل ہے، یہ ایک خاندان والا ہی سمجھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات کے لیے بی جے پی حکومت کی پالیسی ذمہ دار ہے۔

تنخواہ میں اضافہ کئے جانے کے مطالبے کو لے کر نوئیڈا میں پرائیویٹ ملازمین کا احتجاج لگاتار شدید ہوتا جارہا ہے۔ سڑک پر اترے ملازمین کے احتجاج کی وجہ سے دہلی۔این سی آر میں ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ اس دوران سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’تنخواہ بڑھانے کی مانگ کو لے کر پُرتشدد ہوئے احتجاج کی وجہ بی جے پی حکومت کی وہ یکطرفہ پالیسی ہے جو سرمایہ داروں کی پرورش کرتی پالتی ہے لیکن عام نوکری کرنے والے ملازمین اورتنخواہ دار کارکن کا استحصال کرتی ہے‘‘۔
اکھلی یادو نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’ بی جے پی کے چندہ دار سرمایہ داروں کے اے ٹی ایم میں تو پیسے بھرتے جارہے ہیں لیکن ملازمین اور مزدوروں کی تنخواہ کے لیے ان کے اے ٹی خالی ہیں۔‘‘ ایس پی لیڈر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’ بے تحاشہ مہنگائی کے اس دور میں کم تنخواہ میں گھر چلانا کتنا مشکل ہے، یہ ایک خاندان والا فرد ہی سمجھ سکتا ہے‘‘۔ انہوں نے آخر میں لکھا کہ ’’تنخواہ دار کہے آج کا، نہیں چاہئے بھاجپا‘۔
بتادیں کہ قومی راجدھانی دہلی سے متصل نوئیڈا کے سیکٹر 59 اور 60 میں بھی ملازمین نے کام چھوڑ کر احتجاج شروع کر دیا ہے جہاں مشتعل ہجوم نے دو کاروں کے شیشے توڑ دیے اور دو موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بشمول پیرا ملٹری فورسز (پی اے سی) اور ریزرو ایئر فورس (آراے ایف) کو متاثرہ علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ سیکٹر 62 میں بھی ملازمین کا احتجاج جاری ہے، جہاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جب کہ پولیس صورتحال کو پرسکون کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بگڑتی ہوئی صورتحال کے درمیان کچھ ملازمین نے اپنے گاؤں لوٹنے لگے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں یہاں رہنا محفوظ نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔