سہارنپور: کاروباری حاجی اقبال کی لاکھوں کی جائیداد قرق، ایک ہفتہ میں دوسری مرتبہ کارروائی

تھانہ مرزاپور پولیس نے جس کوٹھی کا سامان قرق کیا ہے اسے سہارنپور ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے پہلے ہی سیل کر دیا تھا۔ پولیس نے پہلے سیل کو کھلوایا اور پھر لاکھوں کا سامان ضبط کر لیا۔

حاجی اقبال / تصویر سوشل میڈیا
حاجی اقبال / تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سہارنپور: اتر پردیش کے سہارنپور میں سابق ایم ایل سی حاجی اقبال کے خلاف انتظامیہ نے ایک مرتبہ پھر قرقی کی کارروائی کی ہے۔ انتظامیہ نے حاجی اقبال کی بھگت سنگھ کالونی میں واقع جائداد کو قرق کیا ہے۔ تھانہ مرزاپور پولیس نے ایک ہفتہ کے اندر حاجی اقبال کے اوپر لگاتار دوسری مرتبہ قرقی کی کارروائی کی ہے۔ حاجی اقبال پر یہ کارروائی اجتماعی عصمت دری کی شکایت کے بعد کی جا رہی ہیں۔ ان پر گینگسٹر قانون کا بھی اطلاق کیا گیا ہے۔

تھانہ مرزاپور پولیس نے جس کوٹھی کا سامان قرق کیا ہے اسے سہارنپور ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے پہلے ہی سیل کر دیا تھا۔ پولیس نے پہلے سیل کو کھلوایا اور پھر لاکھوں کا سامان ضبط کر لیا۔ اس دوران پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم نے حاجی اقبال کے گھر سے کافی سامان باہر نکالا اور اسے تھانہ لے کر چلے گئے۔


خیال رہے کہ حاجی اقبال کے خلاف اجتماعی عصمت دری کا مقدمہ درج کرایا گیا ہے، جس میں ان کے علاوہ ان کے تینوں بیٹوں کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔ حاجی اقبال کے تینوں بیٹے گرفتار ہو چکے ہیں اور فی الحال جیل میں قید ہیں جبکہ وہ خود پولیس کی پہنچ سے دور ہیں۔ پولیس حاجی اقتال کی لگاتار تلاش کر رہی ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی ہدایت پر پولیس عہدیداروں کی جانب سے ان کی لگاتار تلاش کی جا رہی ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) سورج رائے نے میڈیا کو بتایا کہ مرزا پور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا اور اس کی تحقیقات کے لیے معزز عدالت نے ایک حکم جاری کیا تھا، جس کے تحت آج یہاں مرزا پور تھانے کی جانب سے اس حکم کی تعمیل کی جا رہی ہے اور جائیداد کو قرق کیا جا رہا ہے۔ اس میں نقشہ سے متعلق کچھ کارروائی پہلے بھی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی سطح پر کی گئی تھی کیونکہ تین روز قبل معزز عدالت کا حکم آیا تھا کہ مذکورہ ملزمان کی جائیداد قرق کرنے کی کارروائی کی جائے، لہٰذا یہ دونوں کارروائیاں اپنی سطح پر ہو رہی ہیں۔ ان کا ایک دوسرے سے کوئی تعلق نہیں، پولیس ٹیمیں حاجی اقبال کی تلاش میں مصروف ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔