اب ’نوابوں کے شہر‘ میں بھی برقع پر اعتراض!

اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں نواب واجد علی شاہ زندہ عجائب گھر میں پچاس سے زیادہ با حجاب خواتین کو داخلے سے گھنٹوں روکے رکھا گیا جو اپنی ٹیچروں کے ساتھ ڈھائی سو کلو میٹر دور سے گھومنے آئیں تھیں۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: مثال مشہور ہے دیگ سے زیادہ چمچہ گرم، سرکاری افسران اپنے وزیر اعلیٰ کو خوش کرنے کے لئے ایسے ایسے ہتھکنڈے اختیار کر رہے ہیں جس سے یوگی کی ہی ساکھ پر بٹا لگ رہا ہے۔

ریاستی راجدھانی لکھنؤ کے زندہ عجائب گھر نواب واجد علی شاہ میں پچاس سے زیادہ با حجاب خواتین کو اندر داخلے سے گھنٹوں روکے رکھا گیا جو اپنی ٹیچروں کے ساتھ ڈھائی سو کلو میٹر دور سے گھومنے آئیں تھیں۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
نواب واجد علی شاہ وعجائب گھر

الہ آباد سے لکھنؤ گھومنے آئیں ایک مدرسے کی تقریبا 50 طالبات کو لکھنؤ چڑیا گھر کے گیٹ پر گھنٹوں کھڑا رہنا پڑا۔ مدرس سید احسان احمد نے بتایا کہ وہ لوگ صبح ہی لکھنؤ چڑیا گھر پہنچ گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ’’جب ہم کھڑکی پر ٹکٹ لینے پہنچے تو انہون نے ٹکٹ دینےسے انکار کر دیا‘‘۔ جب احسان احمد نے ٹکٹ نہ دئیے جانے کی وجہ پوچھی تو انہیں کوئی معقول جواب نہیں دیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں مل سکی۔

نواب واجد علی شاہ عجائب گھر کے پھاٹک پر ہی ان خواتین کو کئی گھنٹے روکے رکھا گیا اور ان کو ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ کھڑکی پر بیٹھے بابو نے صاف بتانے سے گریز کیا اور طلبات کو پھاٹک کے باہر بلا وجہ دیر تک انتظار کرایا گیا۔ کئی گھنٹوں کی بحث کے بعد با حجاب خواتین کو لکھنؤ چڑیا گھر کے اندر جانے کی اجازت دی گئی لیکن آخر تک اس تعصب کی وجہ نہیں بتائی گئی۔ ایک صحافی نے جب ادارے کے ڈائریکٹر سے سوال کیا تو انہوں نے اس واقعہ پر لیپا پوتی کرتے ہوئے کہا کہ کچھ تکنیکی وجوہات کی بنا پر ایسا کیا گیا تھا۔ بہرحال انہوں نے مبینہ تکنیکی وجہ کو بتانے سے گریزکیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مدرسہ کی ان طالبات کی’خطا‘ صرف یہ تھی کہ وہ با حجاب تھیں اور ان پر عجائب گھر انتظامیہ کو کسی طرح کا شک تھا اور کافی دیر کی جد و جہد کے بعد سیاہ برقہ نشین خواتین کو ’بھگوا ‘ ذہنیت والے ملازمین نے اندر جانے کی اجازت دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Feb 2018, 5:07 PM