گوڈسے کو حب الوطن کہنے والی پرگیہ پر درج ہو غداریٔ وطن کا کیس: کمپیوٹر بابا

سادھوی پرگیہ کے ذریعہ دیئے گئے متنازعہ بیان کو لے کر کمپیوٹر بابا نے حیرانی ظاہر کی اور کہا کہ اگر الیکشن کمیشن اس کے خلاف کارروائی نہیں کرتا تو احتجاجی مظاہرے شروع ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بھوپال پارلیمانی حلقہ سے بی جے پی امیدوار پرگیہ ٹھاکر کے ذریعہ مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو حب الوطن بتائے جانے والے متنازعہ بیان پر شروع ہوا ہنگامہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اس بیان کو لے کر پرگیہ پر تازہ حملہ کمپیوٹر بابا نے کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’شہید ہیمنت کرکرے کو دہشت گرد اور ناتھو رام گوڈسے کو حب الوطن بتانے پر الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ سادھوی پرگیہ پر غداریٔ وطن کا معاملہ درج کرے۔‘‘

کمپیوٹر بابا نے سادھوی پرگیہ کے بیان کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ اس کے خلاف کارروائی کرے کیونکہ پہلے تو پرگیہ نے شہید ہیمنت کرکرے کی بے عزتی کی اور اب مہاتما گاندھی کے قاتل کو حب الوطن ٹھہرانے کی گستاخی کی جو معافی کے لائق نہیں۔ ساتھ ہی کمپیوٹر بابا نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن پی ایم نریندر مودی کے اشاروں پر کام کر رہا ہے اسی لیے اب تک انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے کئی بی جے پی لیڈروں کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی۔


سادھوی پرگیہ کے ذریعہ دیئے گئے متنازعہ بیان کو لے کر کمپیوٹر بابا نے حیرانی ظاہر کی اور کہا کہ اگر الیکشن کمیشن اس کے خلاف کارروائی نہیں کرتا تو احتجاجی مظاہرے شروع ہوں گے۔ ساتھ ہی کمپیوٹر بابا نے اپنے اوپر الیکشن کمیشن کے ذریعہ درج معاملے واپس نہ لینے پر لاکھوں سنتوں کے ساتھ دہلی میں تحریک چلانے کی بھی دھمکی دی۔ انھوں نے کہا کہ پورا سَنت سماج بی جے پی سے ناراض ہے اور اس سے دور ہو گیا ہے۔ بی جے پی سَنتوں کو بے وقوف بناتی آئی ہے۔ بابا نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ 2014 میں رام مندر کی تعمیر کے لیے وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک اس وعدے پر کوئی کام نہیں کیا گیا۔ گنگا صفائی کو لے کر بھی بابا نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

بی جے پی اور الیکشن کمیشن دونوں کو ہی نشانہ بناتے ہوئے کمپیوٹر بابا نے کہا کہ ’’میں بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی تنقید کرتا ہوں۔ جس طرح کمیشن نے مجھ پر ایف آئی آر درج کی، ویسے ہی کمیشن کو چاہیے کہ وہ پرگیہ ٹھاکر پر بھی معاملہ درج کرے۔ پرگیہ پر نہ صرف ناتھو رام گوڈسے کو حب الوطن کہنے کے لیے مقدمہ درج ہونا چاہیے بلکہ شہید ہیمنت کرکرے کی بے عزتی کرنے کے لیے بھی ان کے خلاف کیس کیا جانا چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔