سدھو موسیٰ والا قتل: راہل گاندھی آج متاثرہ خاندان سے کریں گے ملاقات، رہائش کے باہر سخت حفاظتی انتظامات

موسی والا کے والد نے چنڈی گڑھ میں وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے دوران قتل کی تفتیش سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کیا تھا، فی الحال اس معاملہ کی تفتیش پنجاب پولیس کی ایس آئی ٹی کے ہاتھ میں ہے

راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر
راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی منگل کے روز یعنی آج آنجہانی گلوکار سدھو موسی والا کے والدین سے ملاقات کریں گے۔ خیال رہے کہ موسی والا کانگریس پارٹی سے وابستہ تھے اور اسی سال فروری میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر مانسا سیٹ سے الیکشن لڑا تھا۔ دریں اثنا، سدھو موسی والا کی رہائش کے باہر حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

قبل ازیں، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان بھی موسی والا کے والدین سے ملاقات کر چکے ہیں۔ دریں اثنا، سوسی گاؤں کے باشندگان میں عام آدمی پارٹی کے تئیں ناراضگی پائی جاتی ہے اور مشتعل گاؤں والوں نے عآپ کے ایک رکن اسمبلی کو بھی واپس لوٹا دیا تھا۔ اہل خانہ اور گاؤں والے اس قتل کے لئے عام آدمی پارٹی کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں کیونکہ واقعہ سے قبل ہی ان کی حفاظت میں تخفیف کر دی گئی تھی۔


موسی والا کے والد نے چنڈی گڑھ میں وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے دوران قتل کی تفتیش سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کیا تھا، فی الحال اس معاملہ کی تفتیش پنجاب پولیس کی ایس آئی ٹی کے ہاتھ میں ہے۔

خیال رہے کہ 29 مئی کو سدھو موسی والا کا گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ اس وقتل میں ملوث 8 شوٹروں کو شناخت ہو چکی ہے، جنہیں پکڑنے کے لئے کئی ریاستوں کی پولیس کوشش کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔