مدھیہ پردیش کے ریوا میں اندوہناک سڑک حادثہ، 15 افراد ہلاک، 40 سے زیادہ زخمی

مدھیہ پردیش میں ریوا کے نزدیک قومی شاہراہ-30 پر پیش آنے والے اندوہناک حادثہ میں 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ 40 مسافر زخمی ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بھوپال: مدھیہ پردیش میں ریوا کے نزدیک قومی شاہراہ-30 پر پیش آنے والے اندوہناک حادثہ میں 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ 40 مسافر زخمی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق راہگیروں کی اطلاع پر سوہاگی پولیس موقع پر پہنچی اور بس میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالا۔ زخمیوں کو ایمبولنس کے ذریعے تیونتھر سول اسپتال پہنچایا گیا، جہاں سے شدید طور پر زخمی افراد کو ریوا کے سنجے گاندھی اسپتال لے جایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق حادثہ مدھیہ اور اتر پردیش کی سرحد سے ملحقہ سوہاگئی پہاڑ کے نزدیک شاہراہ پر پیش آیا۔ بس جبل پور کے راستہ ریوا سے ہو کر الہ آباد جا رہی تھی اور کٹنی سے کافی لوگ اس بس پر سوار ہوئے تھے۔ تمام لوگ اتر پردیش میں اپنے آبائی مقام پر دیوالی کا تہوار منانے کے لئے جا رہے تھے۔


حادثہ دیر رات گئے اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار بس ایک کھڑے ہوئے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ دراصل، کچھ دیر پہلے وہ ٹریلر کسی گاڑی سے ٹکرا گیا تھا اور سڑک پر کھڑا ہوا تھا۔ تبھی پیچھے سے آ رہی تیز رفتار بس حادثہ زدہ ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ بس میں جتنے لوگ بھی آگے بیٹھے ہوئے تھے ان سب کی موت واقع ہو گئی۔

بتایا جا رہا ہے کہ بس میں تقریباً 100 افراد سوار تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کلکٹر سمیت کئی تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا۔ پہلے زخمیوں کو سوہاگی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا۔ بعد میں شدید زخمیوں کو ریوا کے سنجے گاندھی اسپتال لایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔