سچن کے گھر والے پریشان، والد نے کہا ’راشن بھی ختم، کمائی بھی بند‘

پاکستانی خاتون سیما حیدر اور سچن کی محبت کے چرچے پوری دنیا میں ہیں۔ غیر قانونی طور پر ہندوستان آنے والی سیما ان دنوں تفتیشی ایجنسیوں کے ریڈار پر ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ انسٹاگرام</p></div>

تصویر بشکریہ انسٹاگرام

user

قومی آوازبیورو

نوئیڈا: سیما اور سچن کی محبت کی کہانی کو نہ صرف ملک بلکہ غیر ملکی میڈیا  بھی خوب کور کر رہی ہے۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق اسی دوران سیما حیدر کی طبیعت بگڑ گئی تھی۔ میڈیا سے پریشان سچن کے خاندان نے اب اپنے گیٹ کے باہر ایک پوسٹر چسپاں کر دیا ہے۔ اس پوسٹر پر لکھا ہے ’’میڈیا پلیز میری پرائیویسی کا احترام کریں۔‘‘ اس کے ساتھ پوسٹر پر نیچے لکھا ہے - مینا فیملی۔

واضح  رہے کہ سچن اور سیما کی دوستی آن لائن گیم پب جی  کھیلتے ہوئے ہوئی تھی۔ دوستی محبت میں بدل گئی اور سیما غیر قانونی طور پر اپنے 4 بچوں کے ساتھ گریٹر نوئیڈا کے ربوپورہ میں سچن کے ساتھ نیپال کے راستے رہنے آئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے دونوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ تاہم دو دن بعد جیور کی ایک عدالت نے دونوں کو ضمانت پر رہا کر دیا۔


ربوپورہ میں رہنے والے سچن مینا سیما کو پھر اپنے گھر لے آئے۔ یہاں میڈیا  نے خبروں کے لئے ان کو گھیر لیا۔ صبح ہو یا شام، میڈیا ہمیشہ مینا خاندان کے گھر جمع ہوتی تھی۔ اس دوران یوپی اے ٹی ایس کی ٹیم نے سیما، سچن اور گھر کے سربراہ نیترپال سے بھی 2 دن تک پوچھ گچھ کی اور تمام ثبوت اکٹھے کئے۔

اس کے بعد سیما کی صحت بھی بگڑ گئی تھی اور انہیں گلوکوز دینا پڑا، سیما کا علاج گھر پر ہی ہوا۔ لیکن میڈیا پیچھا چھوڑنے کو تیار نہیں تھی۔ اسی لیے اب مینا خاندان کی جانب سے ایک پوسٹر چسپاں کیا گیا ہے۔

خاندان کے کس فرد نے یہ پوسٹر لگایا ہے؟ یہ معاملہ ابھی تک واضح  نہیں ہوا اس پر کوئی بولنے کو تیار نہیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ میڈیا بھی بار بار سیما کا انٹرویو کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ لیکن سیما-سچن اور مینا کے خاندان اب میڈیا سے بات نہیں کرنا چاہتے۔

شائع خبر کے مطابق دراصل سیما حیدر اور ان کا عاشق سچن ان دنوں ربوپورہ کے دوسرے گھر میں رہ رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں سچن کے والد نیترپال مینا کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے۔ ویڈیو میں سچن کے والد نے بتایا کہ پولیس کیس کی وجہ سے پورا خاندان گھر پر ہی رہ رہا ہے۔ وہ باہر جانے کے قابل بھی نہیں ہیں۔ گھر کی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ کھانے پینے کا بہت مسئلہ ہے۔


سچن کے والد نیترپال نے کہا، ’’ہم وہ لوگ ہیں جو روزانہ کماتے اور کھاتے ہیں۔ لیکن جب سے پولیس نے انہیں گھر سے باہر نہ نکلنے کو کہا، تب سے وہ کچھ کمانے کے قابل نہیں ہیں۔ بس سارا دن گھر میں رہنا۔ کھانے پینے کے لالے پڑ گئے ہیں۔ گھر میں راشن بھی نہیں بچا۔ اس کے لیے ہم نے مقامی ایس ایچ او کو خط بھی لکھا ہے۔ تاکہ وہ ہماری بات کو اعلیٰ افسران تک پہنچا سکیں۔

نیترپال نے درخواست کی کہ اس کا کوئی حل نکالا جائے۔ ایسے میں ان لوگوں کی حالت بھوکے رہنے کی ہو جائے گی ۔ گھر کا کوئی فرد باہر نہیں جا سکتا، اور نہ ہی پیسہ کمانے کا کوئی دوسرا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بات سینئر افسران تک پہنچائی جائے۔ تاکہ اس کا کوئی حل نکالا جائے اور ہماری روزی روٹی چل سکے۔


شائع خبر کے مطابق سیما حیدر کیس میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں نوجوان سچن مینا کے رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔ انہیں  جعلی آدھار کارڈ بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے پاس سے 15 فرضی آدھار کارڈ بھی برآمد کیے ہیں۔ پولیس نے ان کے پاس سے آدھار کارڈ بنانے کے آلات بھی برآمد کیے ہیں۔ وہیں پولس اس معاملے میں مزید کچھ بتانے سے گریز کر رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ گرفتاری سچن کے کہنے پر کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔