روس نے ہندوستان کو دی تیل اور ہتھیار ڈیل منسوخ کرنے کی دھمکی! رپورٹ میں دعویٰ

روسی ایجنسی نے ہندوستان پر زور دیا ہے کہ وہ ایف اے ٹی ایف کے اس قدم کو سیاسی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کرے۔

ولادیمیر پوتن، تصویر آئی اے این ایس
ولادیمیر پوتن، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: یوکرین کے خلاف جنگ چھیڑنے کی وجہ سے کئی طرح کی پابندیوں کا سامنا کر رہے روس کی جانب سے ہندوستان پر دباؤ بنایا جا رہا ہے کہ وہ اس کی ایف اے ٹی ایف (فنانشل ایکشن ٹاسک فورس) میں حمایت کرے۔ ’آج تک‘ نے ’بلومبرگ‘ کی ایک رپورٹ کے حوالہ سے کہا ہے کہ روس کا کہنا ہے کہ اگر ہندوستان روس کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل ہونے سے نہیں بچا پایا تو وہ اس کے ساتھ دفاعی اور توانائی سے متعلق معاہدوں کو منسوخ کر دے گا!

خیال رہے کہ ایف اے ٹی ایف ایک ایسی بین الاقوامی تنظیم ہے جو بین الاقووامی سطح پر مالیاتی جرائم کی روک تھام کرتی ہے۔ اس تنظیم کی بلیک یا گرے فہرست میں شامل ہونے والے ملک کی نگرانی میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ نیز اسے دی جانے والی مالی امداد پر بھی پابندی عائد کر دی جاتی ہے۔


خبر رساں ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پردے کے پیچھے روس ہندوستان سمیت گلوبل ساؤتھ کے کئی ممالک پر دباؤ بنا رہا ہے کہ وہ اسے ایف اے ٹی ایف کی فہرست سے شامل ہونے سے بچائیں۔ کہا جا رہا ہے کہ یوکرین کے ساتھ جنگ ​​کی وجہ سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس جون میں روس کو 'بلیک لسٹ' یا 'گرے لسٹ' میں شامل کر سکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس خود کو اقتصادی تنہائی سے بچانے کے لیے ہندوستان کو دفاعی اور توانائی کے سودے ختم کرنے کی دھمکی دے رہا ہے!

ایف اے ٹی ایف نے فروری 2023 میں روس کی رکنیت منسوخ کر دی تھی اور اپنے بیان میں کہا تھا کہ یوکرین میں روس کی جاری فوجی کارروائی ایف اے ٹی ایف کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔ ایف اے ٹی ایف نے یہ بھی کہا تھا کہ یوکرین میں روس کی جاری کارروائی اشتعال انگیز ہے۔ ایف اے ٹی ایف رکنیت کی منسوخی کے بعد سے روس کو بلیک لسٹ یا گرے لسٹ میں شامل کرنے پر اصرار کر رہا ہے۔


رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے شروع میں روس کی ایک سرکاری ایجنسی نے ہندوستانی ہم منصب کو خبردار کیا تھا کہ اگر ایف اے ٹی ایف نے روس کو بلیک لسٹ یا گرے لسٹ میں شامل کیا تو اس کے توانائی، دفاع اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں میں بہت سنگین نتائج ہوں گے۔ روسی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ’’یہ ایک بہت سنگین اور حساس مسئلہ ہے، یہ روس کی جانب سے غیر متوقع اور منفی نتائج کے بارے میں ایک طرح کی وارننگ ہے۔‘‘

روسی ایجنسی نے ہندوستان پر زور دیا ہے کہ وہ ایف اے ٹی ایف کے اس قدم کو سیاسی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کرے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر روس کو گرے لسٹ میں بھی ڈالا گیا تو یہ ہندوستان کے لیے مشکلات کا باعث ہوگا۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ہندوستان نے ان انتباہات کا جواب دیا ہے یا نہیں۔ اس کے علاوہ روس یا ہندوستان کی طرف سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان بھی سامنے نہیں آیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔