ماسکو سے گوا آ رہی فلائٹ میں بم کی افواہ، جام نگر میں ہنگامی لینڈنگ، این ایس جی نے 6 گھنٹے تک کی جانچ

دہلی میں روسی سفارتخانے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہندوستانی ایجنسیوں نے ماسکو سے گوا آنے والی ’ازور ایئر‘ کی پرواز میں بم ملنے کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد اس کی جام نگر میں ہنگامہ لینڈنگ کرائی گئی

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

جام نگر: ماسکو سے گوا آ رہی روسی ایئر لائن ازور (AZUR) کی پرواز میں پیر کی رات بم کی اطلاع موصول ہونے پر افرا تفری پھیل گئی اور پرواز کی گجرات کے جام نگر میں ہنگامہ لینڈنگ کرائی گئی۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع رپورٹ کے مطاطبق اس کے بعد تمام 236 مسافروں اور عملے کے 8 ارکان کو بحفاظت نیچے اتارا گیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ اور گجرات پولیس نے طیارے کے اندر چھان بین کی۔ این ایس جی کی ٹیموں نے جام نگر ہوائی اڈے پر پہنچ کر طیارے کا معائنہ کیا۔ رات تقریباً 6 گھنٹے تک ایئربیس پر افراتفری مچی رہی۔

راجکوٹ-جام نگر رینج کے آئی جی اشوک کمار یادو نے بتایا کہ طیارنے ماسکو سے گوا کے لئے اڑان بھری تھی اور اس کی جام نگر ایئربیس پر ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔ دہلی میں روسی سفارتخانے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہندوستانی ایجنسیوں نے ماسکو سے گوا آنے والی ازور ایئر کی پرواز میں بم ہونے کی اطلاع دی تھی۔


انہوں نے کہا کہ طیارے کو جام نگر میں بھارتی فضائیہ کے اڈے پر لینڈنگ کرائی گئی اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔ اس کے بعد سیکورٹی اداروں نے طیارے کی چھان بین کی۔ این ایس جی نے تقریباً 6 گھنٹے تک طیارے کی جانچ کی مگر طیارے سے کوئی قابل اعتراض مواد یا بم برآمد نہیں ہوا۔ طیارے میں سوار تمام 244 افراد کو جام نگر ہوائی اڈے پر بھیج دیا گیا۔ ہوائی اڈے پر مسافروں کے سامان کی جانچ کرنے کی ذمہ داری این ایس جی کو سونپی گئی۔

ازور ایئر لائن کی جانب سے کہا گیا کہ ازور ایئر کو ہندوستان کی جانب سے اس کی پرواز میں بم ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ایئر لائن نے طے شدہ عمل کے مطابق کاررواائی شروع کی۔ ہندوستانی ایوی ایشن اتھارٹی کے فیصلے کے تحت طیارے کو جام نگر میں اتارا گیا۔ طیارے میں بیٹھے کسی بھی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اس کے بعد طیارے کی جانچ کی گئی۔ طیارے کی جانچ کے بعد پرواز کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ ایرپورٹ اتھارٹی کے مطابق یہ پرواز صبح 10 بجے جام نگر سے اڑان بھرے گی۔


خیال رہے کہ طیارے کی لینڈنگ گوا کے ڈابولیم ایئرپورٹ پر ہونی تھی، لہذا وہاں بھی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ واسکو پولیس کے ڈپٹی ایس پی سلیم شیخ نے بتایا کہ ماسکو سے آنے والی پرواز کو بم کی اطلاع ملنے کے بعد جام نگر کی طرف موڑ دیا گیا اور گوا ایئرپورٹ پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ ایمرجنسی سروس کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ایئرپورٹ حکام کے ساتھ میٹنگ کر کے حکمت عملی تیار کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */