راجیہ سبھا میں جے این یو اور مہنگائی پر ہنگامہ آرائی، وقفہ صفر اور وقفہ سوال نہیں ہو سکے

راجیہ سبھا میں منگل کے روز بائیں بازو اور کانگریس کے اراکین کے شور شرابے کی وجہ سے وقفہ صفر اور وقفہ سوال نہ ہوسکا۔ ایوان بالا کی کاروائی دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: راجیہ سبھا میں منگل کے روز بائیں بازو اور کانگریس کےاراکین کے شور شرابے کی وجہ سے وقفہ صفر اور وقفہ سوال نہ ہوسکا۔ ایوان بالا کی کاروائی دوبجے تک ملتوی کر دی گئی۔

راجیہ سبھا چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے صبح ایوان کی کاروائی شروع کرتے ہوئے ضروری دستاویز ٹیبل پر رکھوائے اور کہا کہ کچھ اراکین نے ضابطہ 267 کے تحت بحث کروانے کے نوٹس دیے ہیں جنھیں نامنظور کر دیا گیا ہے۔ اس پر کانگریس کے راجیو گوڑا، ان کی پارٹی کے دیگر اراکین، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے رہنما وِنَے وِسوَم اور بائیں بازو کے دیگر اراکین نے زور زور سے بولنا شروع کر دیا۔ نتیجۃً ایوان میں شور شرابے والی صورتحال پیدا ہوگئی۔


چیئرمین نے اراکین سے سنجیدہ اور خاموش ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح سے کسی بھی مسئلے پر بحث نہیں کروائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اراکین کو چاہیے کہ وہ وقفہ صفر چلنے دیں۔ انہوں نے وقفہ صفرکی شروعات کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے رہنما رام گوپال یادو کا نام پکارا۔

اس درمیان اراکین کا ہنگامہ جاری رہا تو انہوں نے کہا کہ ایسے میں ایوان کی کاروائی نہیں چلائی جا سکتی اور انہوں نے ایوان شروع ہونے کے محض 10 منٹ کے اندر کاروائی دو بجے تک ملتوی کر نے کا اعلان کر دیا۔ کانگریس کے اراکین نے معیشت کی بحران والی صورتحال اور بائیں بازو کے اراکین نے جواہرلال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں فیس بڑھائے جانے کے معاملے پر بحث کروانے کے نوٹس دیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Nov 2019, 1:47 PM