کوچین کارنیول میں نذرِ آتش کے لیے تیار پُتلے کی پی ایم مودی سے مشابہت، بی جے پی نے کیا سخت اعتراض

پُتلے کی رونمائی کیے جانے پر اس کا چہرہ صاف نظر آیا جو کہ پی ایم مودی سے مشابہت رکھتا ہے، کارنیول کا رواج ہے کہ نئے سال کا استقبال کرنے کے لیے نصف شب میں ’پپن جی‘ کو نذرِ آتش کیا جاتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

کیرالہ کے کوچی میں چل رہے کوچین کارنیول میں لگائے گئے عظیم الشان ’پپن جی‘ کے پُتلے کے چہرے پر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ مقامی بی جے پی لیڈروں نے پولیس سے شکایت کی ہے کہ مشہور ’پپن جی‘ کے پُتلے کا چہرہ وزیر اعظم مودی جیسا دکھائی دے رہا ہے۔ بی جے پی نے وزیر اعظم مودی کی مشابہت والا پُتلا بنائے جانے کا الزام لگاتے ہوئے اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

مقامی بی جے پی لیڈران اسے وزیر اعظم نریندر مودی کی بے عزتی قرار دے رہے ہیں اور سخت برہم ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق تقریب منعقد کرنے والوں نے کہا ہے کہ مبینہ طور پر پی ایم مودی سے مشابہت رکھنے والے پُتلے کا چہرہ بدل دیا جائے گا اور روایتی جشن کے لیے نئے پُتلے کو ہی نذرِ آتش کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ کارنیول فورٹ کوچی میں منعقد کیا جا رہا ہے اور پُتلے کی رونمائی کیے جانے پر اس کا چہرہ صاف نظر آیا جو کہ پی ایم مودی سے مشابہت رکھتا ہے۔ کارنیول کا رواج ہے کہ نئے سال کا استقبال کرنے کے لیے نصف شب کو ’پپن جی‘ کا پُتلا نذرِ آتش کیا جاتا ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ پپن جی کا نیا پُتلا 31 دسمبر کی نصف شب کو نذرِ آتش کیا جاتا ہے، یا پھر پی ایم مودی سے مشابہت رکھنے والا پُتلا ہی جلایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔