بی جے پی-آر ایس ایس عیسیٰ مسیح کی 114 فیٹ اونچی مورتی بنانے کے خلاف، سڑک پر کیا ہنگامہ

مورتی تعمیر کی خبر ملتے ہی آر ایس ایس اور اس کی ذیلی تنظیموں میں چہ می گوئیاں شروع ہو گئی تھیں، اور جیسے ہی کانگریس لیڈر ڈی کے شیوکمار نے مورتی تعمیر کیے جانے والی جگہ کا دورہ کیا، ان کا غصہ پھوٹ پڑا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک کے کنک پورا شہر میں عیسیٰ مسیح کی ایک عظیم الشان مورتی تعمیر کیے جانے کا منصوہب بنایا گیا ہے۔ اس منصوبہ سے بی جے پی اور آر ایس ایس کافی ناراض ہے اور اس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ تک شروع کر دیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق عیسیٰ مسیح کی مورتی تعمیر ہونے کی خبر پھیلنے کے بعد ہی آر ایس ایس اور اس کی ذیلی تنظیموں میں چہ می گوئیاں شروع ہو گئی تھیں، اور جیسے ہی کانگریس کے سینئر لیڈر ڈی کے شیوکمار نے مورتی تعمیر کیے جانے والی جگہ کا دورہ کیا، ان کا غصہ پھوٹ پڑا۔ اس مورتی کی تعمیر کی مخالفت میں آر ایس ایس، وی ایچ پی اور ہندو جاگرن ویدک نے پیر کے روز سڑک پر نکل کر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی و آر ایس ایس کارکنان مورتی تعمیر کے تعلق سے کانگریس لیڈر ڈی کے شیو کمار کا نام لے رہے ہیں جب کہ ڈی کے شیوکمار نے واضح لفظوں میں میڈیا سے کہہ دیا ہے کہ وہ عیسیٰ مسیح کی مورتی تعمیر نہیں کر رہے بلکہ جن لوگوں نے یہ مورتی بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے، ان کی مدد کرنے کی بات کہی ہے۔ برسراقتدار بی جے پی کے علاوہ آر ایس ایس لیڈروں نے تو مورتی تعمیر کی مخالفت میں ’کنک پورہ چلو‘ کا نعرہ بھی دیا ہے۔

بی جے پی کے ذریعہ مورتی تعمیر کی مخالفت کیے جانے سے علاقے میں کشیدگی کافی بڑھی ہوئی ہے۔ اس ماحول کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے یہاں تقریباً 1000 پولس اہلکاروں کو تعینات کر دیا ہے۔ اس پورے تنازعہ پر کنک پورہ سے رکن اسمبلی ڈی کے شیوکمار کا کہنا ہے کہ ان کے اسمبلی حلقہ میں 114 فیٹ اونچی عیسیٰ مسیح کی مورتی بنائے جانے کا فیصلہ ان کا نہیں ہے، لیکن چونکہ عیسائی طبقہ سے جڑے مقامی لوگ اسے بنوا رہے ہیں اس لیے بطور رکن اسمبلی میں صرف ان کی مدد کر رہا ہوں۔ ڈی کے شیوکمار نے یہ بھی کہا کہ مورتی تعمیر کے لیے زمین بھی مقامی عیسائی طبقہ نے حاصل کر لی ہے اور ہر چیز قانونی طور پر کیا گیا ہے۔


ڈی کے شیوکمار نے مورتی تعمیر کے تعلق سے کچھ تفصیل بھی میڈیا کو بتائی۔ انھوں نے کہا کہ مقامی لوگ اس مورتی کی تعمیر بے کار پڑے پتھروں سے کریں گے اور میں عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے ان کی حمایت کر رہا ہوں۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ بلاوجہ مورتی تعمیر کو سیاسی ایشو بنا رہے ہیں اور ماحول کو پراگندہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔