فوج میں پولرائزیشن کی تیاری مکمل، بلند شہر میں آر ایس ایس کا پہلا فوجی اسکول بن کر تیار!

اتر پردیش کے بلند شہر میں بنے آر ایس ایس کے پہلے فوجی اسکول میں اسی سال اپریل مہینے سے پڑھائی شروع ہو جائے گی۔ اس فوجی اسکول کو ’رَجّو بھیا‘ کے نام سے جانا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آر ایس ایس اتر پردیش کے بلند شہر میں اپنا پہلا فوجی اسکول کھولنے جا رہا ہے۔ اس اسکول کو رَجّو بھیا سینک ودیا مندر (آر بی ایس وی ایم) کے نام سے جانا جائے گا اور یہ اپنی طرح کا پہلا اسکول ہوگا جسے آر ایس ایس کے ذریعہ چلایا جائے گا۔ آئندہ اپریل میں کھلنے والے اس اسکول میں داخلہ لینے کے لیے داخلہ امتحان ہوگا اور اس کا رجسٹریشن بھی شروع ہو گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ رجّو بھیا آر ایس ایس کے سابق سربراہ تھے۔

اتر پردیش کے بلند شہر میں اپریل سے شروع ہونے والے آر ایس ایس کے ذریعہ چلائے جانے والے پہلے فوجی اسکول کی تعلیم سے متعلق تنظیم کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ اس کی تعلیمی بنیاد ’سنسکار، سنسکرتی اور سم رستا‘ ہوگی جو ملک کے مستقبل کے جوانوں کو دی جائے گی۔ آر ایس ایس کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ ڈیفنس فورس میں شامل ہونے کے خواہش مند لوگوں کو مناسب تہذیب، کلچر اور بھائی چارے کی تعلیم ملے، جس سے ہمارے ڈیفنس فورس آئندہ سالوں میں زیادہ مضبوط ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’نظریاتی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی و روحانی رہنمائی طلبا کی کرنی ہے اور یہ صرف رہائشی اسکولوں میں ہی ممکن ہے۔‘‘ آر ایس ایس کارکن طلبا کو اخلاقی اور روحانی رہنمائی فراہم کریں گے جو انھیں مسلح افواج کے کیریر میں ڈٹ کر مقابلہ کرنے میں مدد دے گا۔


یہ پوچھے جانے پر کہ اخلاقی اور روحانی رہنمائی ہندوتوا کے سبق پر مبنی ہوگا؟ تو کارکن نے کہا کہ ’’ہماری توجہ وطن پرستی پر مرکوز ہے اور اگر کوئی اسے ہندوتوا کے ساتھ موازنہ کرنا چاہتا ہے تو یہ اس کا مسئلہ ہے۔‘‘آر ایس ایس کے ذریعہ چلنے والے فوجی اسکول میں جنگ میں شہید ہوئے لوگوں کے بچوں کے لیے 8 سیٹیں ریزرو کی گئی ہیں۔ شہیدوں کے اہل خانہ کے لیے عمر میں بھی چھوٹ فراہم کی گئی ہے۔ اسکول میں اور کسی طرح کا ریزرویشن نہیں ہے اور یہ اسکول سی بی ایس ای نصاب چلائے گا۔ اسکول نے اساتذہ اور دیگر اسٹاف کی بحالی کا عمل بھی شروع کر دیا ہے جو فروری کے آخر تک پورا ہو جائے گا۔

اسکول میں سی بی ایس ای کا نصاب پڑھایا جائے گا اور یہاں چھٹے درجہ سے بارہویں درجہ تک تعلیم دی جائے گی۔ پہلا سیشن اپریل 2020 سے شروع ہوگا اور اس میں 160 طلبا کے شامل ہونے کی امید ہے۔ ابھی یہاں صرف لڑکوں کو تعلیم دی جائے گی۔ آرمی اسکول بلند شہر کی شکار پور واقع اس عمارت میں چلے گا جہاں 1922 میں رَجو بھیا کی پیدائش ہوئی تھی۔ اس کی دیکھ ریکھ آر ایس ایس کا معاون ادارہ ودیا بھارتی کرے گی، جو ملک بھر میں 20 ہزار سے زیادہ اسکولوں کو چلا رہی ہے۔ اسکول کے لیے سابق فوجی چودھری راج پال سنگھ نے 8 ایکڑ زمین دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس اسکول کی عمارت سہ منزلہ ہوگی۔ اس میں اسٹاف کوارٹر کے علاوہ اسٹیڈیم اور ڈسپنسری بھی ہوگی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق یہاں اساتذہ اور طلبا دونوں کے لیے ہی یونیفارم ہوگا۔ طلبا ہلکے نیلے رنگ کی شرٹ اور گہرے نیلے رنگ کی پینٹ پہنیں گے۔ اساتذہ کو سفید شرٹ اور گرے رنگ کی پینٹ پہننی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Jan 2020, 11:11 PM