آر ایس ایس کی سالانہ میٹنگ آج سے، رام مندر کو لے کر 'خاص مہم' پر ہوگا تبادلہ خیال

آر ایس ایس نہیں چاہتا کہ رام مندر تعمیر کے لیے 'بھومی پوجن' کے بعد لوگوں کا جوش ٹھنڈا ہو جائے اور وہ جنون باقی نہ رہے جو ایودھیا میں رام مندر کے حق میں عدالت عظمیٰ کے فیصلہ سے پہلے دیکھنے کو ملتا تھا۔

موہن بھگوت، تصویر یو این آئی
موہن بھگوت، تصویر یو این آئی
user

تنویر

ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر تعمیر کے لیے بھومی پوجن کے بعد اب آگے کے منصوبے پر غور و خوض شروع ہو چکا ہے۔ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کی میٹنگیں بھی چل رہی ہیں اور ایسی کوششیں بھی جاری ہیں کہ رام مندر تعمیر میں ہر خاص و عام کی شرکت ہو۔ اس کے لیے ٹرسٹ نے بینک اکاؤنٹ بھی جاری کر دیا ہے تاکہ لوگ اپنی جانب سے جو بھی عطیہ چاہیں رام مندر کے لیے جمع کر دیں۔

اس درمیان آج (15 اگست) سے آر ایس ایس کی سالانہ میٹنگ بھی شروع ہو رہی ہے جس میں رام مندر تعمیر کے لیے آگے کے منصوبوں پر غور و خوض ہوگا۔ میٹنگ میں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت بھی شامل ہوں گے اور قوی امکان ہے کہ وہ ہفتہ کی رات وارانسی پہنچیں گے۔ اس میٹنگ کو رام مندر تعمیر کے لیے بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ کچھ خاص باتوں پر فیصلہ کیا جانا ہے۔


میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق آر ایس ایس رام مندر تعمیر کے لیے ہندو سماج میں 'نونرمان' (از سر نو تعمیر) کا جذبہ پیدا کرنا چاہتا ہے اور اس کے لیے ایک 'خاص منصوبہ' پر کام کرنے کی تیاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ آر ایس ایس گاؤں گاؤں میں رام مندر کو لے کر جوش پیدا کرنا چاہتا ہے تاکہ ہر گھر کا تعاون رام مندر تعمیر میں حاصل ہو سکے۔ سَنگھ نہیں چاہتا کہ بھومی پوجن کے بعد لوگوں کا جوش ٹھنڈا ہو جائے اور وہ جنون باقی نہ رہے جو ایودھیا میں رام مندر کے حق میں عدالت عظمیٰ کے فیصلہ سے پہلے دیکھنے کو ملتا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */