راجیہ سبھا انتخابات: 15 سیٹوں پر انتخاب آج، اکھلیش کے عشائیہ میں 8 اراکین اسمبلی کی غیر حاضری سے پھنس رہا پینچ!

راجیہ سبھا انتخابات کا دلچسپ مقابلہ اتر پردیش اور کرناٹک میں دیکھنے کو ملے گا، یہاں ایک ایک سیٹ پر پینچ پھنستا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>راجیہ سبھا کی علامتی تصویر</p></div>

راجیہ سبھا کی علامتی تصویر

user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش، ہماچل پردیش اور کرناٹک کی 15 راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے آج ووٹنگ ہوگی۔ ووٹنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک انجام دیا جائے گا۔ آج ہی شام تقریباً 5 بجے نتائج کا اعلان بھی ہو جائے گا۔ 15 ریاستوں میں 56 سیٹوں میں سے 41 سیٹوں پر بلامقابلہ انتخاب ہو چکا ہے۔

خبروں کے مطابق اتر پردیش میں کراس ووٹنگ کا اندیشہ ہے، اسے لے کر سبھی پارٹیوں نے اپنی اپنی پالیسی تیار کر لی ہے۔ راجیہ سبھا انتخاب کا دلچسپ مقابلہ اتر پردیش اور کرناٹک میں دیکھنے کو ملے گا، کیونکہ یہاں کی ایک ایک سیٹ پر پینچ پھنستا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ اتر پردیش کی دس سیٹوں کے لیے گیارہ اور کرناٹک کی چار سیٹوں کے لیے پانچ امیدوار میدان میں ہیں۔ ہماچل کی ایک سیٹ پر بھی دو امیدوار کھڑے ہوئے ہیں۔


اتر پردیش میں بی جے پی نے اٹھویں امیدوار سنجے سیٹھ کو میدان میں اتارا ہے جس کے بعد کراس ووٹنگ کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔ دوسری طرف سماجوادی پارٹی بھی اپنے تین امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتی۔ ہجاں بی جے پی نے اپنے اراکین اسمبلی کے نام وہپ جاری کیا ہے، وہیں سماجوادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے عشائیہ کا انعقاد کیا تھا۔ خبر ہے کہ سماجوادی پارٹی کے 8 اراکین اسمبلی اس عشائیہ میں نہیں پہنچے۔ ان اراکین اسمبلی کی غیر موجودگی کو لے کر طرح طرح کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ بی جے پی نے اپنی ساتھی پارٹیوں کے سبھی اراکین اسمبلی کو اتر پردیش حکومت کے آٹھ وزراء کے کمرہ میں جمع ہونے کو کہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ووٹنگ کے لیے پانچ پانچ کی ٹولیاں بنائی گئی ہیں اور ان ٹولیوں میں ایک انچارج کی بھی ڈیوٹی لگی ہے۔


کرناٹک میں راجیہ سبھا انتخاب سے ایک دن قبل کانگریس نے سبھی اراکین اسمبلی کو ایک ہوٹل میں منتقل کر دیا۔ کرناٹک میں پانچ امیدوار اجئے ماکن، سید نصیر حسین، جی سی چندرشیکھر (سبھی کانگریس)، نارائن بندگے (بی جے پی) اور کپیندر ریڈی (جنتا دل سیکولر) میدان میں ہیں۔ کراس ووٹنگ کے اندیشوں کے درمیان سبھی پارٹیوں نے آج ہونے والی ووٹنگ کے لیے اپنے اراکین اسمبلی کو وہپ جاری کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔