36 کروڑ روپے نقد ضبطی معاملہ: جھارکھنڈ حکومت میں وزیر عالمگیر عالم کو ای ڈی نے کیا گرفتار

ای ڈی نے حال ہی میں عالمگیر عالم کے سکریٹری سنجیو لال، ملازم جہانگیر عالم، بلڈر منّا سنگھ اور ان کے قریبیوں کے 9 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی تھی۔

ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس
ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جھارکھنڈ حکومت میں وزیر اور کانگریس لیڈر عالمگیر عالم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ای ڈی نے حال ہی میں انھیں پوچھ تاچھ کے لیے رانچی دفتر طلب کیا تھا۔ اس سے قبل 14 مئی کو عالمگیر عالم منی لانڈرنگ معاملے میں پوچھ تاچھ کے لیے ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔ ریاست کے وزیر برائے دیہی ترقی عالمگیر عالم صبح تقریباً 11 بجے ای ڈی دفتر پہنچے تھے۔ ان سے 9 گھنٹے پوچھ تاچھ ہوئی تھی۔ انھوں نے ای ڈی دفتر پہنچنے سے پہلے صحافیوں سے بات کی تھی جس میں کہا تھا کہ ’’میں قانون پر عمل کرتا ہوں۔ میں پوچھ تاچھ کے لیے یہاں آیا ہوں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے حال ہی میں عالمگیر عالم کے سکریٹر سنجیو لال اور اس کے ملازم جہانگیر عالم، بلڈر منّا سنگھ اور ان کے قریبیوں سمیت 9 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی تھی۔ کارروائی ریاستی دیہی ترقی محکمہ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے کی گئی تھی۔ رانچی کے ایک دو کمرہ والے فلیٹ میں چھاپہ ماری کی گئی تھی۔ یہ فلیٹ مبینہ طور پر سنجیو لال کے ملازم جہانگیر عالم کا ہے۔ فلیٹ سے ای ڈی نے 32 کروڑ روپے برآمد کیے۔ دیگر ٹھکانوں پر ہوئی چھاپہ ماری سے بھی تقریباً 4 کروڑ روپے نقدی برآمد کیے گئے۔ اس طرح اب تک تقریباً 36 کروڑ روپے کی نقدی برآمد ہوئی ہے۔


ای ڈی نے عالمگیر عالم کے سکریٹری اور ملازم کو چھاپہ ماری کے اگلے دن ہی گرفتار کر لیا تھا۔ انھیں عدالت میں پیش کر کے ای ڈی نے بتایا تھا کہ جھارکھنڈ حکومت کے وزیر عالمگیر عالم کے سکریٹری نے کچھ بااثر لوگوں کی طرف سے ٹنڈرس پر کمیشن اکٹھا کیا تھا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ دیہی ترقی محکمہ کے افسر اوپر سے نیچے تک غیر قانونی نقد ادائیگی سانٹھ گانٹھ میں مبینہ طور پر شامل تھے۔ ای ڈی نے مزید بتایا کہ ٹنڈرس اور انجینئرس سے کمیشن کی وصولی کے بعد کمیشن کا کچھ فیصد حکومت کے اعلیٰ افسران کو تقسیم کیا جاتا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔