کرناٹک میں ایس بی آئی بینک میں بڑی لوٹ، 58 کلو سونا اور 8 کروڑ نقد لے کر لٹیرے فرار
لٹیروں نے منیجر، کیشیئر اور دیگر ملازمین کو پستول کا خوف دکھا کر الارم دبانے سے روک دیا۔ پھر سبھی کو یرغمال بنا کر لوٹ واقعہ کو انجام دیا۔ تلاشی مہم میں لوٹ میں استعمال کی گئی کار برآمد کر لی گئی ہے۔

کرناٹک کے وجئے پورہ ضلع کے چادچان قصبے میں واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کی شاخ میں منگل کی شام لوٹ کی بڑی واردات انجام دی گئی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق 5 نقاب پوش لٹیروں نے ملٹری اسٹائل کی وردی پہن کر بینک میں حملہ بول دیا اور اسٹاف کو یرغمال بنا کر 58 کلو سونا اور تقریباً 8 کروڑ روپے نقد لوٹ لیے۔ اس واقعہ نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
لوٹ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ فرار لٹیروں کے ذریعہ استعمال کی گئی کار مہاراشٹر کے پنڈھرپور میں برآمد کر لی گئی ہے۔ کرناٹک اور مہاراشٹر پولیس نے مشترکہ طور سے پنڈھر پور اور آس پاس کے علاقوں میں وسیع تلاشی مہم شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق لوٹ کا یہ واقعہ منگل شام 5 بجے پیش آیا۔ لٹیرے دیسی پستول اور دیگر اسلحوں سے مزین ہو کر بینک میں داخل ہوئے۔ انہوں نے منیجر، کیشیئر اور دیگر ملازمین کو پستول کا خوف دکھا کر الارم دبانے سے روک دیا۔ پھر سبھی کو رسّی سے باندھ دیا اور تجوری کو توڑ کر سونا اور نقد لوٹ لیا۔ لوٹ کے بعد لٹیروے ایک سفید رنگ کی کار میں فرار ہو گئے۔
واقعہ کے بعد بینک کے باہر لوگوں کی بھاری بھیڑ جمع ہو گئی۔ مقامی لوگ تحفظ کے انتظام پر سوال اٹھا رہے تھے۔ چادچان پولیس نے فوراً معاملہ درج کرلیا اور وجئے پورہ کے ایس پی لکشمن نمبارگی سمیت سینئر افسران جائے وقوع پر پہنچے۔
پولیس کو تلاشی مہم کے دوران پہلا سراغ اس وقت ملا جب مہاراشٹر کے شولہ پور ضلع کے پنڈھر پور میں ایک سنسان مقام پر وہی کار برآمد ہوئی۔ کار خالی تھی لیکن اس میں لوٹ کے ثبوت جیسے رسیاں اور ماسک ملے۔ کرناٹک پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ کار نمبر ٹریس کرنے پر یہ تصدیق ہوئی کہ یہ وہی گاڑی ہے جس میں لٹیرے فرار ہوئے تھے۔ ہم مانتے ہیں کہ لٹیرے کار چھوڑ کر پیدل یا دیگر ذرائع سے بھاگے ہوں گے۔
دونوں ریاستوں کی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے پنڈھر پور، شولہ پور اور سرحدی علاقوں میں چھاپہ ماری شروع کر دی ہے۔ ڈاگ اسکوائڈ اور فارینسک ٹیم کو بھی تلاشی مہم میں لگایا گیا ہے۔
مہاراشٹر پولیس کے ترجمان نے کہا کہ ہم سرحد پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ یہ لوٹ کرناٹک میں حالیہ بینک ڈکیتیوں کی سیریز کا ایک حصہ لگ رہی ہے۔ کچھ مہینے پہلے داونگیرے میں بھی ایس بی آئی شاخ سے 17 کلو سونا چوری کا معاملہ سامنے آیا تھا جو منی ہائسٹ سیریز سے متاثر تھا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ لٹیرے منظم گروہ کے ہیں جو بینک کی کمزور سیکوریٹی کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔
بینک افسران نے کہا کہ سونا صارفین کے زیورات تھے اور نقد روزانہ کا لین دین تھا۔ نقصان کا اندازہ 60 کروڑ سے زیادہ کا لگایا گیا ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ شروع کر دی ہے اور پڑوسی ضلعوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔