’سڑک، پل، ایئرپورٹ سب منہدم ہو رہا، مودی حکومت کے ’وِکاس‘ میں پائیداری ہے ہی نہیں‘، کانگریس کا طنز
کانگریس کی جانب سے شیئر کی گئی کچھ ویڈیوز اور بیانات کے ذریعے مرکزی حکومت پر انفراسٹرکچر منصوبوں میں بدعنوانی، ناقص تعمیراتی معیار اور عوامی وسائل کے غلط استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
کانگریس نے ملک میں بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی خستہ حالت پر مرکزی حکومت پر سخت حملہ بولا ہے۔ پارٹی نے اپنے آفیشل ’ایکس‘ ہینڈل پر یکے بعد دیگرے کئی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سڑکوں، پلوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں بدعنوانی کی وجہ سے عوامی پیسہ ضائع ہو رہا ہے اور تعمیراتی کام پائیدار ثابت نہیں ہو رہے۔
کانگریس نے ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ملک میں ہر طرف انفراسٹرکچر منہدم رہا ہے، چاہے سڑک ہو، پل ہو یا ایئرپورٹ۔ بدعنوانی میں ڈوبی مودی حکومت کا ’وِکاس‘ ٹکتا ہی نہیں۔ اب ’اسپیس ٹیکنالوجی‘ سے بنی اس سڑک کو ہی دیکھ لیجیے۔‘‘ اس پوسٹ کے ساتھ شیئر کی گئی ویڈیو میں مہاراشٹر کے پونے واقع نیشنل ہائیوے 61 پر ایک بڑا گڈھا نظر آ رہا ہے۔ ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سڑک میں تقریباً 6 سے 7 فٹ گہرا گڈھا بن چکا ہے، جس کی وجہ سے راہ گیروں اور گاڑیوں کے لیے خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
ایک دوسری پوسٹ میں کانگریس نے ’بی جے پی کا کرپشن ماڈل‘ عنوان سے مزید ایک ویڈیو شیئر کی۔ اس ویڈیو میں 2 مختلف انفراسٹرکچر منصوبوں کو دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو کے مطابق پہلا منظر لکھنؤ-کانپور ایکسپریس وے کا ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ تعمیر کے صرف 13 دن بعد ہی دھنس گئی۔ جبکہ دوسری ویڈیو اتراکھنڈ کے دہرادون کی بتائی گئی ہے، جہاں مبینہ طور پر ایک تعمیراتی منصوبہ صرف 16 دن میں ہی خراب ہو گیا۔ ویڈیو پر ’مودی حکومت میں سرپٹ دوڑتی بدعنوانی‘ کا کیپشن بھی درج ہے۔
اسی سلسلے میں کانگریس نے مزید ایک پوسٹ میں دہرادون میں تعمیر کیے گئے ایک پل کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’دوستو، بی جے پی حکومت کی بدعنوانی دیکھ لیجیے۔ اتراکھنڈ کے دہرادون میں 16 کروڑ روپے کے خرچ سے تیار پل 16 دن بھی کھڑا نہیں رہ سکا۔‘‘ ساتھ ہی طنزیہ انداز میں لکھا گیا ہے کہ ’’شاید اسے ’بلیک ہول ٹیکنالوجی‘ سے بنایا گیا ہوگا۔ لیکن اس سے یہ تو صاف ہے کہ نریندر مودی اور ان کے لیڈروں کی پوری توجہ صرف گھپلے بازی پر ہے۔ عوام مرے یا جیے، انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘‘ اس پوسٹ کے ساتھ شیئر کی گئی ویڈیو میں ایک ایسے پل کو دکھایا گیا ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تعمیر مکمل ہونے کے چند ہی دن بعد اس میں بڑا سا گڈھا ہو گیا، جس کے باعث مقامی لوگوں کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
کانگریس کی جانب سے شیئر کی گئی ان ویڈیوز اور بیانات کے ذریعے مرکزی حکومت پر انفراسٹرکچر منصوبوں میں بدعنوانی، ناقص تعمیراتی معیار اور عوامی وسائل کے غلط استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت ترقی کے بڑے بڑے دعوے تو کرتی ہے، لیکن زمینی سطح پر تعمیراتی منصوبے مختصر مدت میں ہی خراب ہو رہے ہیں، جس سے عوام کی جان و مال کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
