یوپی کے متھرا اور بہار کے سیتامڑھی میں سڑک حادثے، 6 افراد جاں بحق، 6 زخمی
جمنا اکسپریس وے پر نوئیڈا سے آگرہ کے راستے پر تیز رفتار کار نامعلوم گاڑی میں ٹکر مارتی ہوئی اس میں گھس گئی۔ وہیں بہار کے سیتامڑھی کے مہندوارہ میں رک سے ٹکرا کر اسکارپیو کے پرخچے اڑ گئے۔

اتر پردیش کے متھرا اور بہار کے سیتامڑھی میں مختلف سڑک حادثے میں 6 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ 6 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاع کے مطابق جمنا اکسپریس وے پر سنگ میل 98 کے قریب نوئیڈا سے آگرہ کے راستے پر تیز رفتار کار نامعلوم گاڑی میں ٹکر مارتی ہوئی اس میں گھس گئی۔ حادثے میں خاتون سمیت 2 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 3 دیگر افراد شدید طور پر زخمی ہیں۔ پولیس نے زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا ہے۔ حادثے کی وجہ کار ڈرائیور کو جھپکی آنا بتایا جا رہا ہے۔
جمنا اکسپریس وے پر اتوار کی رات دو بجے نوئیڈا سے آگرہ کی طرف جا رہی سفاری کار تھانہ مانٹ علاقے میں جابرا گاؤں کے قریب آگے چل رہی نامعلوم گاڑی میں گھس گئی۔ اس حادثے پر مانٹ تھانہ انچارج جسبیر سنگھ نے بتایا کہ کار میں سوار پریم سنگھ اور ان کے بیٹے سوریہ سنگھ رہائشی گور سٹی سی-1505 نوئیڈا اور روشن رہائشی ڈی روای داس، وشواس نگر نئی دہلی زخمی ہو گئے ہیں۔ ان کو لکشمی نگر واقع نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ وہیں حادثے میں پریم سنگھ کی اہلیہ پوجا اور بہار کے دربھنگہ ضلع کے رہنے والے سمت کی موت ہو گئی ہے۔
دوسری طرف بہار کے سیتامڑھی ضلع میں بھی ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا ہے جس میں 3 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ 3 زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاع کے مطابق ضلع کے مہندوارہ تھانہ حلقہ کے این ایچ 22 کے رام پُرہری پُل کے قریب ہفتہ کی دیر رات شدید سڑک حادثہ ہوا۔ اس میں خاتون سمیت 3 کی موت ہو گئی۔ حادثہ میں زخمی ہوئے لوگوں کا علاج مظفرپور کے اسپتال میں چل رہا ہے۔ مہلوکین میں دو بوکھڑا اور ایک نانپور کے رہنے والے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ اسکارپیو کے پرخچے اڑ گئے۔ کار پوری طرح سے چکنا چور ہو گئی۔ یہاں ٹرک اور اسکارپیو کی شدید ٹکر ہوئی۔ وہیں ٹرک کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ حادثے کے بعد این ایچ پر جام لگ گیا۔ اطلاع ملنے پر پہنچی مہندوارہ تھانہ کی پولیس نے کار میں پھنسے سبھی لوگوں کو باہر نکال کر ایس کے ایم سی ایچ بھیجا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔