آر جے ڈی کا نیا انتخابی گیت، ’تیجسوی اب کی آئیں گے، روشن سویرا لائیں گے‘
بہار اسمبلی انتخاب 2025 کے لیے آر جے ڈی نے اپنا انتخابی گیت جاری کیا، جس میں تیجسوی یادو کو ’بہار کا بیٹا‘ بتاتے ہوئے روزگار، مفت بجلی، پنشن اور ترقی کے وعدے کیے گئے ہیں

آئی اے این ایس
پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے پیش نظر، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے اپنا انتخابی مہم کا گیت جاری کر دیا ہے، جس کی مرکزی لائن ہے، ’تیجسوی اب کی ائی ہیں گے (آئیں گے، روشن سویرا لئی ہیں گے (لائیں گے)‘۔ یہ گیت مغربی بہار کی زبان ’مگہی‘ میں تیار کیا گیا ہے اور اس میں تیجسوی یادو کو سیاستدان نہیں بلکہ ’بہار کا بیٹا‘ قرار دیتے ہوئے ان کی قیادت میں ریاست کی ترقی کے وعدے کیے گئے ہیں۔
یہ انتخابی گیت تقریباً پانچ منٹ 43 سیکنڈ پر مشتمل ہے، جس کی شروعات دیہی علاقوں کے خوبصورت مناظر سے ہوتی ہے۔ گیت میں کہا گیا ہے، ’نیتا نئیں، ای بیٹا چھی، کوئے ایکرا سیں بہتر نئیں۔‘ اس کا مطلب ہے کہ تیجسوی یادو لیڈر نہیں بلکہ بہار کے بیٹے ہیں اور ان سے بہتر کوئی نہیں۔
تیجسوی یادو نے اس گیت کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’روشن سویرا لئی ہیں گے۔‘ یہ سطر انتخابی گیت کی روح ہے، جس میں نوجوانوں، مزدوروں اور عام شہریوں کے لیے نئی امید اور ترقی کی بات کی گئی ہے۔
اس گیت میں جن وعدوں کو شامل کیا گیا ہے، ان میں نوجوانوں کو روزگار، ہر خاندان کو 200 یونٹ مفت بجلی، ’مائی-بہن یوجنا‘، بزرگوں کے لیے ماہانہ پنشن کو 400 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے کرنے کی یقین دہانی شامل ہے۔ اس کے علاوہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو بہتر بنانے، ریاست میں صنعتوں کو فروغ دینے اور بہار سے بڑے پیمانے پر ہو رہی نقل مکانی کو روکنے جیسے نکات پر بھی زور دیا گیا ہے۔
ایک اور سطر میں کہا گیا ہے، ‘آپن تیجسوی بھیا ممکن سب کے سب کر پئی ہیں گے‘‘۔ یعنی تیجسوی بھائی ہر وعدہ پورا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ بہار میں اسی سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات متوقع ہیں، جس کے لیے تمام سیاسی پارٹیاں اپنی تیاریاں تیز کر چکی ہیں۔ آر جے ڈی کی طرف سے یہ انتخابی گیت نوجوانوں اور عام عوام کو متحرک کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
تیجسوی یادو حالیہ دنوں میں مسلسل عوامی رابطہ بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ چند دن پہلے انہوں نے طالب علموں اور نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا، ’’بہار کے نوجوان اب فیصلہ سننے کے بجائے فیصلہ سنانے کو تیار ہیں۔ ہماری رگوں میں خون نہیں، انقلاب دوڑتا ہے۔‘‘
یہ انتخابی گیت بہار کی مقامی ثقافت اور زبان سے جُڑا ہوا ہونے کی وجہ سے عوام میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ آر جے ڈی کی جانب سے یہ پیغام دینے کی کوشش ہے کہ تیجسوی یادو صرف سیاست کے لیے نہیں بلکہ ریاست کے بہتر مستقبل کے لیے میدان میں اترے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔