آر جے ڈی چیف لالو پرساد کی بائیں آنکھ کا دہلی میں ہوا کامیاب آپریشن، بیٹی میسا بھارتی نے ساتھ میں شیئر کی تصویر

لالو پرساد کی آنکھ کا آپریشن ہونے کے بعد 2 تصویریں شیئر کرتے ہوئے میسا بھارتی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’اس مشکل وقت میں تعاون کرنے والے ڈاکٹرس اور اسٹاف کا دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو کا آج دہلی میں موتیابند کا کامیاب آپریشن عمل میں آیا۔ ان کی بائیں آنکھ کے موتیابند کا آپریشن دہلی کے صفدر جنگ اسپتال میں کرایا گیا۔ اس دوران اسپتال میں لالو پرساد کی بیٹی میسا بھارتی بھی موجود تھیں۔

لالو یادو کے کامیاب آپریشن کی جانکاری دیتے ہوئے ڈاکٹر میسا بھارتی نے خیر خواہوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر آپریشن کے بعد کی کچھ تصویریں شیئر کی ہیں اور لکھا ہے کہ ’’انتہائی اطمینان کے ساتھ مطلع کر رہی ہوں کہ میرے والد (لالو پرساد یادو) کی موتیابند کی سرجری سنٹر فار سائٹ میں ڈاکٹر مہیپال سچدیو کے ذریعہ کامیابی کے ساتھ کی گئی۔‘‘


آپریشن کے بعد کی 2 تصویریں شیئر کرتے ہوئے میسا بھارتی نے کہا کہ ’’اس مشکل وقت میں تعاون دینے والے ڈاکٹروں اور اسٹاف کا دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ میری سبھی حامیوں اور خیر خواہوں سے گزارش ہے کہ ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔‘‘ جو 2 تصویریں شیئر کی گئی ہیں، اس میں ایک آپریشن سے پہلے کی اور دوسری آپریشن کے بعد کی ہیں۔ آپریشن کے بعد والی تصویر میں بائیں آنکھ پر پٹی بندھی ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کچھ دنوں کے آرام کے بعد یہ پٹی کھول دی جائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ لالو پرساد طویل مدت سے کئی طرح کی بیماریوں سے نبرد آزما ہیں۔ 2022 میں ان کا سنگاپور میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کرایا گیا تھا۔ تب ان کی بیٹی روہنی آچاریہ نے اپنی کڈنی عطیہ کی تھی۔ اس کے بعد بھی وہ کئی بار مختلف بیماریوں کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہو چکے ہیں۔ لالو یادو ذیابیطس کے مرض میں بھی مبتلا ہیں۔ خراب صحت کی وجہ سے ہی وہ سرگرم سیاست سے دور ہیں۔ گزشتہ ماہ بہار میں ختم ہوئے اسمبلی انتخاب میں بھی وہ انتخابی تشہیر کے لیے نہیں اترے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔