ریا کا سوشانت کے ساتھ جڑنے کا واحد مقصد ان کی جائیداد ہڑپنا تھا: بہار پولیس کا حلف نامہ

بہار پولیس نے سوشانت کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں سپریم کورٹ میں دائر حلف نامے میں کہا کہ کلیدی ملزمہ ریا چکرورتی اور اس کے اہل خانہ کا اداکار کے ساتھ جڑنے کا واحد مقصد اس کی جائیداد ہڑپنا تھا

سپریم کورٹ آف انڈیا - فائل تصویر / Getty Images
سپریم کورٹ آف انڈیا - فائل تصویر / Getty Images
user

یو این آئی

نئی دہلی: بہار پولیس نے اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں سپریم کورٹ میں دائر حلف نامے میں کہا کہ کلیدی ملزمہ ریا چکرورتی اور اس کے اہل خانہ کا اداکار کے ساتھ جڑنے کا واحد مقصد اس کی جائیداد ہڑپنا تھا۔

پولیس نے جمعہ کو عدالت عظمی میں دائر حلف نامے میں یہ بھی کہا کہ بعد میں ریا اور اس کے اہل خانہ نے سوشانت کی ذہنی بیماری کی غلط کہانی گھڑی ۔ بیان حلفی بہار پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے پیش کیا ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ سوشانت کو ریا اپنے گھر لے گئی تھی اوروہیں اداکار کو زیادہ مقدار میں ادویات دینا شروع کی گئی ۔سوشانت کے والد کے کے سنگھ نے ریا پر یہ الزامات عائد کئے ہیں۔


بہار پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ ممبئی پولیس کی جانب سے کسی طرح کی مدد نہ ملنے کے باوجود اسے اس معاملے میں کئی باتوں کی معلومات ملی ہے ، جن پر تفتیش کی جاسکتی ہے۔ حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ سوشانت کی ذہنی بیماری کی جھوٹی کہانی گھڑی گئی تھی۔

پولیس نے بیان حلفی میں کہا ’’ سوشانت فلم انڈسٹری چھوڑ کر نامیاتی کاشتکاری میں جانا چاہتے تھے اور اس وجہ سے ریا نے سوشانت کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا اور دھمکی دی کہ سوشانت کی میڈیکل رپورٹ کوپبلک کرکے اسے ذہنی طور پر بیمار ثابت کردے گی اور پھر اسے کبھی کام نہیں ملے گا‘‘ ۔


بیان حلفی میں کہا گیا ہے ’’ 8 جون کو ریا اپنے ساتھ پیسے ، لیپ ٹاپ ، کریڈٹ کارڈ اور زیورات لے کر سوشانت کے گھر سے چلی گئی ۔ وہ کچھ اہم کاغذات بھی ساتھ لے گئی ۔ سوشانت نے اپنی بہن سے کہا تھا کہ ریا نے اسے پھنسانے کی دھمکی دی ہے ۔ پولیس کو تفتیش میں یہ بھی پتہ چلا کہ سوشانت کے کوٹک بینک کھاتے میں 17 کروڑ تھے ۔ پندرہ کروڑ اسے شخص کے کھاتے میں ٹرانسفر کردیئے گئے جس کا سوشانت سے کوئی رابطہ نہیں تھا ‘‘۔

خیال رہے کہ سوشانت کی مبینہ خودکشی کے معاملے کی تحقیقات مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کر رہی ہے اور اس نے اپنی ایف آئی آر میں ریا چکر وررتی اور اس کے کنبے کے دیگر چھ افرادسمیت سات لوگوں کو نامزد کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔