ضروری اشیاء اور پٹرول کے داموں میں اضافہ سرکاری تاناشاہی کی پختہ دلیل: اسلم باشا

اسلم باشاہ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ بی جے پی قیادت کی کمزوریوں، پٹرول ڈیزل کی شرحوں میں اضافہ، بڑھتی مہنگائی، سرکار کی ناکامیوں اور بربریت کے خلاف اپنے علاقہ میں زبردست احتجاج کرتے ہوئے گرفتاری دی۔

تصویر احمد رضا
تصویر احمد رضا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں کمر توڑ مہنگائی اور اقلیتی طبقہ کے ساتھ کیے جا رہے امتیازی سلوک پر کانگریس لیڈر اور تمل ناڈو اقلیتی یونٹ کے چیئرمین اسلم باشا نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسلم باشا نے خصوصی بات چیت میں کہا کہ ملک میں کشمیر سے کنیا کماری تک دن بہ دن بڑھتی جارہی عدم تشدد کی وارداتیں جہاں قابل مذمت ہیں وہیں بڑھتی مہنگائی اور پٹرول کے داموں میں ہونے والے مسلسل اضافہ سے ملک کی ایک ارب سے زیادہ آبادی کا پرسکون رہنا، کھانا پینا اور جینا محال ہو گیا۔ یوپی میں پنچایت انتخابات میں مخالف جماعتوں کے مرد اور خواتین امیدواروں اور ممبران کو کھلے عام انتخابات لڑنے اور ووٹ ڈالنے سے سرکاری مشینری کی شہ پر روکا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس سرکاری غنڈوں کے سامنے ہاتھ جوڑے کھڑی رہتی ہے، بھاجپائی مخالف جماعت کی خواتین امیدوار کو پرچہ بھرنے سے زبردستی روکتے ہیں، اس کی ساڑی اور بلاؤز تک پھاڑ دیتے ہیں پھر بھی بھاجپائی کہتے ہیں کہ یہ ہم پر تہمت ہے، یہاں تو کوئی غنڈہ گردی ہوئی ہی نہیں، نیز مسلم سیاست دانوں اور کاروباریوں کی اربوں کی جائدادیں مسمار کی جا رہی ہیں، ان کے کاروبار سیل کیے جارہے ہیں!


اسلم باشاہ نے کہا کہ خواتین پر جبر و ظلم کے ساتھ ملک بھر میں اقلیتی طبقہ پر بھی ظلم و ستم لگاتار جاری ہے اور خاص پلاننگ کے تحت ہی دہلی فسادات کے اصل ملزمین اور تبلیغی جماعت کو بلاوجہ بد نام کرنے والے افراد پر کچھ بھی ایکشن نہی لیا جا رہا ہے، جگہ جگہ ان دنوں مسلم طبقہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ میوات اور نوح کے علاقہ میں اقلیتی فرقہ خوف کے سائے میں زندگی گزار رہا ہے اور ملک کی یکجہتی اور امن کو برباد کرنے والوں کو بیہودہ اور شرمناک بیانات دینے کی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔

اسلم باشاہ نے ہفتہ کے روز اپنے ساتھیوں کے ساتھ بھاجپائی قیادت کی کمزوریوں، پٹرول ڈیزل کی شرحوں میں اضافہ، بڑھتی مہنگائی اور سرکار کی ناکامیوں اور بربریت کیخلاف اپنے علاقہ میں زبردست احتجاج کرتے ہوئے گرفتاری بھی دی اور بھاجپائی سرکار کے استعفیٰ کی مانگ دہرائی۔


اسلم باشا نے کہا کہ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ مرکزی سرکار انگریزوں سے معافی مانگنے والے ساورکر کو یاد کرتے ہوئے ان کا گن گان کر رہی ہے، ناتھو رام گوڈسے کو دیوتا بتایا جا رہا ہے، علاقہ ویلور میں ظلم وجبر کو روکنے اور خواتین، دلت اور مسلم طبقہ کے ساتھ انصاف کی مانگ کو لیکر لگاتار احتجاجات کرتے ہوئے کانگریسی قائد نے مرکزی اور ریاستی بھاجپائی سرکاروں پر زبردست حملہ کیااور سرکار کو ناکام قرار دیا۔ اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسلم باشا نے گرفتاری بھی دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔