بکریوں کی موت کا بدلہ: ’وندے بھارت ایکسپریس‘ پر پتھراؤ معاملہ میں 3 گرفتار، شیشہ ٹوٹنے سے مسافروں میں افرا تفری

روناہی تھانہ حلقہ میں سوہاول کے پاس کچھ لوگوں نے وندے بھارت پر پتھراؤ کر دیا جس سے ٹرین میں بیٹھے مسافر سہم گئے۔ آر پی ایف نے سرگرمی دکھاتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی، بعد ازاں 3 ملزمین گرفتار کیے گئے۔

وندے بھارت ایکسپریس / آئی اے این ایس
وندے بھارت ایکسپریس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ایودھیا کے روناہی تھانہ حلقہ میں منگل کے روز وندے بھارت ایکسپریس ٹرین پر کچھ لوگوں نے پتھراؤ کر دیا جس سے ٹرین کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اس پتھراؤ کی وجہ سے مسافروں میں افرا تفری مچ گئی، حالانکہ اس واقعہ میں کسی مسافر کو چوٹ نہیں لگی۔ پولیس نے اس معاملے میں تین لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں ایک بزرگ اور اس کے دو بیٹے شامل ہیں۔ تینوں سے اس پتھراؤ کو لے کر پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے اور ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ بکریوں کی موت سے ناراضگی کے سبب وندے بھارت ایکسپریس پر یہ حملہ ہوا۔

موصولہ اطلاع کے مطابق روناہی تھانہ حلقہ میں سوہاول کے پاس کچھ لوگوں نے وندے بھارت ٹرین پر پتھراؤ کر دیا جس سے ٹرین میں بیٹھے مسافر سہم گئے۔ آر پی ایف نے سرگرمی دکھاتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم منا پاسوان نے بتایا کہ اس کی چھ بکریاں 9 جولائی کو اسی ٹرین کی زد میں آنے سے مر گئی تھیں۔ اسی وجہ سے ناراض ہو کر اس نے اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ ٹرین پر پتھراؤ کر دیا۔ واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا، حالانکہ کوچ نمبر سی ایم 1 میں سیٹ نمبر 33، 34، کوچ سی 3 میں سیٹ نمبر 20، 21، 22، کوچ سی 5 میں سیٹ نمبر 10، 11، 12، اور کوچ ای 1 میں سیٹ نمبر 35، 36 کے پاس کے شیشے ٹوٹ گئے۔


واضح رہے کہ وندے بھارت ایکسپریس پر پتھربازی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل گزشتہ 26 فروری کو میسور چنئی وندے بھارت ایکسپریس پر پتھر بازی ہوئی تھی۔ واقعہ کرشن راج پورم اور بنگلورو کینٹ ریلوے اسٹیشن کے درمیان پیش آیا تھا۔ آندھرا پردیش کے تروپتی ضلع میں بھی کچھ دن پہلے وندے بھارت ایکسپریس پر پتھراؤ ہوا تھا اور کیرالہ میں بھی اسی ٹرین پر پتھر بازی ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔