ملک کے امتحانی نظام میں ناکامیوں کے لیے طے ہو ذمہ داری، عمران پرتاپگڑھی نے کہا ’استعفیٰ دیں مرکزی وزیر تعلیم‘

کانگریس کے ایم پی نے کہا کہ پچھلے کچھ سالوں سے ملک بھر میں لگاتار پیپر لیک اور امتحان سے متعلق بے ضابطگیوں کے معاملے سامنے آ رہے ہیں جس سے امتحانی نظام میں طلباء اور نوجوانوں کا اعتماد مجروح ہوا ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

کانگریس نے طلبہ اور مسابقتی امتحان کے امیدواروں کو درپیش مسائل کو اٹھانے کے لیے ملک گیر مہم ’چھاتروں کی گونج‘ کا آغاز کیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی عمران پرتاپگڑھی نے جمعرات کو رانچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یہ مہم اگلے 40 دنوں تک ملک کے 28 بڑے شہروں میں چلائی جائے گی۔ اس کا مقصد طلبہ کے مسائل، پیپر لیک اور امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف رائے عامہ تیار کرنا ہے۔

عمران پرتاپگڑھی نے کہا کہ پچھلے کچھ سالوں میں ملک بھر میں لگاتار پیپر لیک اور امتحان سے متعلق بے ضابطگیوں کے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے امتحانی نظام میں طلباء اور نوجوانوں کا اعتماد مجروح ہو رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل متاثر ہوا ہے، لیکن مجرموں کے خلاف موثر کارروائی نہیں کی گئی۔


کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امتحانی نظام میں بار بار ہورہی ناکامیوں کی جوابدہی طے ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر تعلیم کو اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دینا چاہئے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’تھرمامیٹر بدلنے سے بخار ٹھیک نہیں ہوتا۔‘‘ ان کے بقول مسئلے کی جڑ تک پہنچ کر نظام  میں اصلاح کرنے کی ضرورت ہے۔

عمران پرتاپگڑھی نے بتایا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے راجستھان کے کوٹا سے اس مہم کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف امتحان سے متعلق مسئلہ نہیں ہے بلکہ ملک کے نوجوانوں کے مستقبل، روزگار اور مواقع سے متعلق سوال ہے۔ کانگریس نے مہم کے ذریعے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ، پیپر لیک معاملوں کی جانچ، نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) سمیت پورے امتحانی نظام کا آزادانہ آڈٹ اور سالانہ امتحان نیز بھرتی کلینڈرکے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔


انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت طلبہ کے آؤٹ ریچ پروگرام، کارنر میٹنگ، کیمپس ڈائیلاگ اور بیداری مہم چلائی جائیں گی۔ مہم کے پہلے مرحلے میں یکم اگست کو ملک بھر کے 28 شہروں میں کلکٹر دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا، 9 اگست کو ’دلی چلو‘ پروگرام کے ساتھ پہلے مرحلے کا اختتام ہوگا۔ کانگریس پارٹی نے طلبہ اور امیدواروں سے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ اس کے لیے پارٹی نے 9873036161  نمبر جاری کیا ہے، جس پر طلبہ مسڈ کال دے کر مہم میں شامل ہو سکتے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔