اتر پردیش میں سانسوں کی ہنگامی صورت حال جاری: اکھلیش یادو

اکھلیش یادو نے کہا کہ کتنے گھروں میں آج چولہا بجھ چکاہے۔ ماں باپ کا سایہ سر سےاٹھ چکا ہے۔ پورے کا پورا کنبہ متاثر ہے لیکن کوئی دیکھنے والا نہیں ہے۔ اسپتالوں میں زندہ کو مردہ بنایا جا رہا ہے۔

اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اتر پردیش میں کورونا انفیکشن کے حالات میں بہتری نہیں آرہی ہے اورسانسوں کی ہنگامی صورت حال جاری ہے۔ اکھلیش یادو نے پیر کو جاری بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ کے جھوٹے دعوے کی روزانہ اسپتالوں سے آرہی ڈراؤنی تصویریں پول کھول رہی ہیں۔ بی جے پی حکومت کو اس سے اب شرمندگی بھی نہیں ہوتی ہے۔ درحقیقت برسراقتدارپارٹی نے چارسال میں کوئی کام تو کیا نہیں، اس نے خود آئیسولیشن میں رہتے رہتے پوری ریاست کو ہی آئیسولیشن میں پہنچادیا ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ کتنے گھروں میں آج چولہا بجھ چکاہے۔ ماں باپ کاسایہ سر سےاٹھ چکاہے۔ پورے کا پورا کنبہ متاثر ہے لیکن کوئی دیکھنے والا نہیں ہے۔ اسپتالوں میں زندہ کو مردہ بنایاجارہا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ٹیم-9 اور ٹیم-11 کہاں ہے، کیا کررہی ہے معلوم نہیں۔ سختی کے احکامات سب کوڑے کے ڈھیرمیں جارہے ہیں۔ نہ کہیں آکسیجن کی مناسب سپلائی ہورہی ہے اورنہ کہیں بیڈمیں اضافہ ہورہاہے۔ سرکاری اسپتالوں میں جب منمانی جاری ہے تب پرائیویٹ نرسنگ ہوم توآزاد کردار میں رہیں گے ہی۔


سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ سچ تویہ ہے کہ لوگ کورونا سے زیادہ بی جے پی حکومت کی لاپرواہی اوربدانتظامی سے جاں بحق ہورہے ہیں۔ لوگوں کی ا موت کے لئے بی جے پی حکومت اخلاقی اور انتظامی دونوں سطح پر ذمہ دارہے۔ گھڑیالی آنسو بہانے سے خاندانوں کو اجڑنے سے بچایا نہیں جاسکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔