معروف بالی ووڈ اداکار نانا پاٹیکر کا گوا میں انتقال، 75 سال کی عمر میں لی آخری سانس
نانا پاٹیکر کی پیدائش یکم جنوری 1951 کو ہوئی تھی۔ ان کا اصل نام وشوناتھ پاٹیکر تھا اور وہ ایک مراٹھی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔

بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر کا انتقال ہو گیا ہے۔ 75 سال کی عمر میں انہوں آخری سانس لی۔ رپورٹس کے مطابق انہیں گوا کے ڈونا پاؤلا میں واقع ان کی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں صبح 5:20 بجے مردہ قرار دے دیا۔ ابتدائی جانچ میں بتایا گیا کہ انہیں شدید قلبی دورہ پڑا تھا۔ اسپتال لائے جانے کے بعد ڈاکٹروں نے تقریباً 45 منٹ تک انہیں ہوش میں لانے کی کوشش کی، لیکن کوئی رسپانس نہیں ملا۔ خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ کے مطابق منی پال اسپتال کے شعبہ آنکولوجی کے سربراہ ڈاکٹر شیکھر سالکر نے بتایا کہ ’’مسلسل 45 منٹ تک سی پی آر دینے کے باوجود انہیں بچایا نہیں جا سکا۔ میڈیکو لیگل کیس (ایم ایل سی) درج کیا گیا ہے اور پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔‘‘
نانا پاٹیکر کی پیدائش یکم جنوری 1951 کو ہوئی تھی۔ ان کا اصل نام وشوناتھ پاٹیکر تھا اور وہ ایک مراٹھی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کے والد گجانن (دِنکر) پاٹیکر ٹیکسٹائل پینٹر اور بزنس مین تھے، جن کا انتقال اس وقت ہوا تھا جب نانا پاٹیکر 28 سال کے تھے۔ ان کی والدہ نرملہ پاٹیکر (سنجنابائی پاٹیکر) گھریلو خاتون تھیں، جو 29 جنوری 2019 کو 99 سال کی عمر میں انتقال تک معروف اداکار کے ساتھ رہیں۔ ان کی اہلیہ نیل کانتی پاٹیکر سابق بینک افسر، اداکارہ اور تھیٹر پروفیشنل ہیں۔ دونوں نے 1978 میں شادی کی تھی اور بعد میں الگ ہو گئے، تاہم باضابطہ طور پر طلاق نہیں ہوئی۔ ان کا ایک بیٹا ملہار پاٹیکر ہے، جو فلم ساز ہیں اور نانا صاحب پروڈکشن ہاؤس چلاتے ہیں۔ جبکہ دوسرے بیٹے دُرواسہ پاٹیکر کا 2 سال کی عمر میں بیماری کے باعث انتقال ہو گیا تھا۔
نانا پاٹیکر نے اپنی اسکولی تعلیم ممبئی کے دادر ویسٹ میں واقع سمرتھ ودیالیہ میں 3 سال تک حاصل کی اور بعد میں ممبئی کے سر جے جے انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ آرٹ سے کمرشیل آرٹ میں ڈپلومہ کیا۔ کل وقتی اداکاری میں آنے سے قبل انہوں نے کمرشیل آرٹسٹ کے طور پر کام کیا اور روزی روٹی کے لیے فلموں کے پوسٹر اور زیبرا کراسنگ پینٹ کرنے کا کام کیا۔
واضح رہے کہ نانا پاٹیکر نے 1978 میں فلم ’گمن‘ سے اپنے اداکاری کے کیریئر کا آغاز کیا اور ہندی و مراٹھی سنیما کے اہم اداکاروں میں اپنی شناخت بنائی۔ انہیں ’انکش‘، ’پرتی گھات‘، ’سلام بامبے!‘ اور ’پرندہ‘ جیسی فلموں سے بڑی کامیابی ملی۔ انہوں نے ’پرہار دی فائنل اٹیک‘، ’انگار‘، ’ترنگا‘، ’کرانتی ویر‘، ’اگنی ساکشی‘، ’خاموشی دی میوزیکل‘، ’اب تک چھپن‘، ’اپہرن‘ اور ’راج نیتی‘ جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کی۔ ’ویلکم‘ اور ’ویلکم بیک‘ میں ادے شیٹی کا کردار ادا کر کے وہ ناظرین کے درمیان بہت مقبول ہوئے۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے 3 نیشنل فلم ایوارڈ جیتے اور 2013 میں انہیں پدم شری سے نوازا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ نانا پاٹیکر آخری بار وشال بھاردواج کی رومانٹک ایکشن تھرلر فلم ’او رومیو‘ میں نظر آئے تھے، جس میں شاہد کپور اور ترپتی ڈمری بھی تھے۔ فروری 2026 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں پاٹیکر نے ممبئی انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ اسماعیل خان کا کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے انل کپور کی فلم ’صوبیدار‘ میں بھی کام کیا، جو مارچ 2026 میں پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوئی تھی۔ اس سے پہلے وہ ’ہاؤس فل 5‘ (2025) اور ’ونواس‘ (2024) میں نظر آئے تھے۔ نانا پاٹیکر نے 2026 میں پرکاش جھا کی سیاسی ڈراما سیریز ’سنکلپ‘ سے او ٹی ٹی پر بھی ڈیبیو کیا، جس میں انہوں نے مات صاحب/کنہیا لال کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
