دہلی سرکل میں ریلائنس جیو کی 35.33 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ بادشاہت قائم

سال کے آغاز میں ہی ریلائنس جیو نے ووڈا۔آئیڈیا کو پٹخنی دے کر دہلی سرکل میں نمبر ون کی پوزیشن حاصل کی تھی۔ پچھلے 6 مہینوں میں جیو نے تقریباً 9.03 لاکھ صارف جوڑ کر اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کر لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس جیو جارحانہ پالیسی اور بہتر کنیکٹیوٹی سے صارفین کو مسلسل متوجہ کر رہی ہے اور جون میں 35.33 فیصد بازار حصص کے ساتھ دہلی سرکل میں اپنی گرفت مضبوط کر رہی ہے۔ ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹرائی) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دہلی سرکل میں ریلائنس جیو کے نیٹ ورک سے جون کے آخر تک ایک کروڑ 83 لاکھ سے زیادہ صارف منسلک تھے اور 35.33 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ کمپنی کی بادشاہت قائم ہے۔

دہلی سرکل میں راجدھانی کے علاوہ ہریانہ کے گروگرام اور فرید آباد اور اترپردیش کے گوتم بدھ نگر اور غازی آباد آتے ہیں۔ سال کے آغاز میں ہی ریلائنس جیو نے ووڈا۔آئیڈیا کو پٹخنی دے کر دہلی سرکل میں نمبر ون کی پوزیشن حاصل کی تھی۔ جنوری سے جون تک یعنی پہلے 6 مہینوں میں ریلائنس جیو نے تقریباً 9.03 لاکھ صارف جوڑ کر اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کر لیا۔

دہلی سرکل میں نمبر دو پر قابض ووڈا۔آئیڈیا سے ریلائنس جیو کے تقریباً 20 لاکھ صارف زیادہ ہیں۔ صارفین کی تعداد کی دوڑ میں بھارتی ایئرٹیل تیسرے نمبر پر پچھڑ گئی ہے۔ وہ ریلائنس جیو سے 33 لاکھ 40 ہزار اور ووڈا-آئیڈیا سے تقریباً 13.70 لاکھ صارف سے پیچھے ہے۔ رواں برس کے شروعاتی چھ ماہ یعنی جنوری سے جون کے دوران دہلی سرکل میں ووڈافون۔آئیڈیا اور ایئرٹیل کے 18 لاکھ آٹھ ہزار سے زائد موبائل فون صارفین نے اپنے سم بند کر دیئے۔ کبھی دہلی سرکل میں سر فہرست رہی ووڈا۔آئیڈیا کو سب سے بڑا جھٹکا لگا۔ ٹرائی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق سال کے پہلے چھ ماہ میں ووڈا فون۔آئیڈیا کے ہاتھوں سے 12 لاکھ 84 ہزار سے زائد صارف پھسل گئے ہیں۔ وہیں ایئرٹیل کے نیٹ ورک سے اسی دوران تقریباً پانچ لاکھ 24 ہزار صارفین کم ہو گئے۔

جون بھی ووڈافون۔آئیڈیا اور ایئرٹیل کے لیے اچھی خبر نہیں لایا۔ ریلائنس جیو نے یہاں بھی بازی مار لی۔ اس کے نیٹ ورک سے تقریباً 56 ہزار نئے صارف جون مہینے میں وابستہ ہوئے۔ وہیں اسی مدت میں ووڈا۔آئیڈیا سے تقریباً دو لاکھ اور ایئرٹیل سے ایک لاکھ 21 ہزار سے زیادہ صارفین نے ناطہ توڑ لیا۔

ملک میں ریلائنس جیو حریفوں سے کہیں آگے ہے۔ جون میں نئے صارف جوڑنے والی ریلائنس واحد کمپنی ہے۔ باقی بڑی کمپنیوں کو نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ریلائنس جیو 39 کروڑ 72 لاکھ صارفین کے ساتھ ملک میں پہلے نمبر پر قائم ہے۔ جون میں ہی کمپنی نے تقریباً 45 لاکھ صارف جوڑے۔ بھارتی ایئرٹیل 31 کروڑ 66 لاکھ صارف کے ساتھ دوسرے اور 30 کروڑ 31 لاکھ کے ساتھ ووڈا۔آئیڈیا تیسرے نمبر پر ہے۔ جون میں ووڈا۔آئیڈیا نے پورے ملک میں 48 لاکھ سے زیادہ صارفین کو کھو دیا وہیں ایئرٹیل کا 11 لاکھ 28 ہزار صارفین نے ساتھ چھوڑ دیا۔

next