ریجی نگر ضمنی انتخاب: ’ہم ممتا بنرجی کے سپاہی ہیں، اس لیے ہم انتخاب لڑیں گے‘، ربیع العالم چودھری کا یو-ٹرن
ربیع العالم چودھری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یو ٹرن لینے کی صرف ایک وجہ ہے، ہماری لیڈر ممتا بنرجی نے ہمیں انتخاب لڑنے کی ہدایت دی ہے۔ ہم ممتا بنرجی کے سپاہی ہیں، اس لیے ہم انتخاب لڑیں گے...‘‘

مغربی بنگال کے مرشدآباد ضلع کی ریجی نگر اسمبلی سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب سے قبل کافی ہلچل دیکھنے کو ملی۔ ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس کے امیدوار ربیع العالم چودھری نے نامزدگی واپس لینے کا اپنا فیصلہ بدل لیا ہے۔ پہلے کچھ میڈیا رپورٹس میں پرچۂ نامزدگی واپس لینے کی خبر شائع کی گئی تھی، لیکن وہ پرچہ 3 بجے واپس لینے والے تھے۔ پھر اچانک انہوں نے ممتا بنرجی کی ہدایت کو پیش نظر رکھتے ہوئے نام واپس نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ انتخاب لڑنے کے فیصلے کے بعد ربیع العالم چودھری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یو ٹرن لینے کی صرف ایک وجہ ہے، ہماری لیڈر ممتا بنرجی نے ہمیں انتخاب لڑنے کی ہدایت دی ہے۔ ہم ممتا بنرجی کے سپاہی ہیں، اس لیے ہم انتخاب لڑیں گے...‘‘
واضح رہے کہ اس سے قبل نندی گرام سے سنچیتا پردھان نے اپنا نامزدگی فارم واپس لے کر ممتا بنرجی کو جھٹکا دیا تھا، جس کے بعد ممتا بنرجی نے نندی گرام سے کانگریس امیدوار ملن پردھان کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ حالانکہ جمعہ (18 ستمبر) کو ایک پرانے معاملہ میں پردھان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ نندی گرام اور ریجی نگر سیٹوں پر ضمنی انتخابات 6 اکتوبر کو ہونے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے محمد عبداللہیل کافی ریجی نگر اسمبلی سیٹ سے انتخاب لڑیں گے، جبکہ ملن پردھان کو نندی گرام سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ سی پی ایم نے ریجی نگر سے ایڈووکیٹ سعید اسد علی کو میدان میں اتارا ہے، جبکہ سی پی آئی نے نندی گرام سے شانتی گوپال گری کو امیدوار بنایا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے نندی گرام سے وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری کے سابق پی اے چندر ناتھ رتھ کی والدہ ہاسی رانی رتھ کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد چندر ناتھ رتھ کا قتل کر دیا گیا تھا۔ ریجی نگر سے بی جے پی نے شنکھارو سرکار کو ٹکٹ دیا ہے۔ نندی گرام میں ضمنی انتخاب کی ضرورت اس وقت پیش آئی جب وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری نے یہ سیٹ چھوڑ دی اور بھوانی پور سیٹ اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا، جہاں انہوں نے رواں سال کے آغاز میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی کو شکست دی تھی۔ ریجی نگر سیٹ عام جنتا انّین پارٹی (اے جے یو پی) کے بانی ہمایوں کبیر کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی۔ انہوں نے ناؤدا اسمبلی سیٹ سے بھی کامیابی حاصل کی تھی۔
