ممبئی میں شدید بارش کو لے کر ریڈ الرٹ، سڑکوں پر زبردست جام، اسکول اور کالج میں کر دی گئی چھٹی

شدید بارش اور آبی جماؤ نے ممبئی کی رفتار پر بریک لگا دی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق پورے دن تیز بارش ہونے کے آثار ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ممبئی شدید بارش (فائل)/ آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ملک کی اقتصادی راجدھانی ممبئی میں آج (18 اگست) مسلسل تیسرے دن بھی موسلا دھار بارش جاری ہے۔ اس کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں آبی جماؤ ہو گیا ہے۔ شدید بارش اور آبی جماؤ نے ممبئی کی رفتار پر بریک لگا دی ہے۔ اس درمیان محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ممبئی اور اس کے آس پاس کے علاقوں اور ممبئی کے مضافات میں شدید بارش کو لے کر ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔

شدید بارش کی وجہ سے ایسٹرن فری وے اور ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر زبردست جام لگ گیا ہے۔ اس سے گاڑیوں کی آمد و رفت سست پڑ گئی ہے۔ خراب موسم کو دیکھتے ہوئے اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کر دی گئی ہے۔


موسم بیورو کے ذریعہ پیر کی صبح تقریباً 10.30 بجے جاری کی گئی پیشن گوئی کے مطابق پورے دن تیز بارش ہونے کے آثار ہیں۔ آئی ایم ڈی کی تازہ خبر کے مطابق مراٹھواڑہ میں الگ الگ مقامات پر آواز کے ساتھ بجلی چمکنے، شدید سے انتہائی شدید بارش اور 40-30 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کونکن، گوا میں کئی مقامات پر بھی شدید بارش کو لے کر وارننگ جاری کی ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ وسطی مہاراشٹر کے گھاٹ والے علاقوں میں بھی شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اس علاقے میں بارش کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری طرف افسروں نے بتایا کہ ممبئی میں پیر کو مسلسل تیسرے دن شدید بارش ہونے سے کچھ نچلے علاقوں میں آبی جماؤ ہو گیا اور ٹریفک رک گئی۔ گاڑی ڈرائیوروں کے مطابق شہر کے کچھ حصوں میں ہوئی شدید بارش سے حد نظر متاثر ہوئی ہے اور گاڑیوں کی رفتار سست پڑ گئی ہے۔ بارش کے بعد کئی علاقے کی سڑکیں زیر آب ہیں۔ اندھیری سب وے، لوکھنڈ والا کمپلیکس جیسے کچھ نچلے علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے جس سے آمد و رفت ٹھپ پڑ گیا ہے۔ سائن علاقے کا گاندھی بازار بھی پانی کی زد آگیا ہے۔


افسروں اور مسافروں کے مطابق شہر کی جیون ریکھا مانی جانے والی لوکل ٹرینیں 15 سے 20 منٹ کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ افسروں نے جانکاری دی کہ بیسٹ کی بس خدمات کے کسی بھی روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ ہفتہ سے ممبئی میں شدید بارش ہو رہی ہے اور یہ سلسلہ فی الحال رکتا ہوا دیکھائی نہیں دے رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔