بپرجوئے: راجستھان میں گردابی طوفان کے سبب ریکارڈ بارش، کئی اضلاع میں سیلاب جیسے حالات

بتایا جاتا ہے کہ بپرجوئے کے سبب راجستھان میں جولائی تک کا بارش کا کوٹہ پورا ہو چکا ہے، مانسون آنے سے پہلے بوائی اور جوتائی شروع ہو گئی ہے، محکمہ کا اندازہ ہے کہ اس سال مانسون تاخیر سے آئے گا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

راجستھان میں بپرجوئے گردابی طوفان کے سبب ریکارڈ بارش درج کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے افسران کے مطابق بپرجوئے کے سبب راجستھان میں اوسط 28.74 ملی میٹر کے مقابلے 92.09 ملی میٹر بارش ہوئی، جو 220 فیصد سے زیادہ ہے۔ بپرجوئے گردابی طوفان کے سبب ہوئی موسلادھار بارش سے باڑمیر، جودھپور، پالی، سریہی اور جالور ضلعوں میں سیلاب آ گیا۔ علاوہ ازیں اجمیر میں بھی زوردار بارش ریکارڈ کیے جانے کے بعد سیلاب کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔

افسران نے کہا کہ موسلادھار بارش کے بعد کئی ندیوں میں زبردست طغیانی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ مجموعی طور پر 19 ضلعوں میں زوردار سے بہت زوردار بارش درج ہوئی ہے۔ محکمہ کے مطابق بدھ کے روز اس بارش میں کمی ضرور دیکھنے کو ملی ہے، لیکن شمالی اضلاع میں کچھ مقامات پر بارش کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔


بتایا جاتا ہے کہ بپرجوئے کے سبب راجستھان میں جولائی تک کی بارش کا کوٹہ ابھی سے پورا ہو چکا ہے۔ محکمہ کا اندازہ ہے کہ اس سال مانسون تاخیر سے آئے گا اور معمول سے کمزور رہے گا۔ لیکن بپرجوئے نے راجستھان میں مغرب سے لے کر مشرق تک کے ضلعوں کو بارش سے شرابور کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گجرات میں گردابی طوفان کی رفتار 150-125 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ یہ گردابی طوفان کَچھ کے علاقے کو پار کر کے راجستھان میں داخل ہوا تو ایک مضبوط دباؤ میں بدل گیا۔ راجستھان میں ذیلی سطح پر گردابی طوفان کو نمی نہیں ملنے کے سبب ذیلی دباؤ کا علاقہ بنتے ہی موسلادھار بارش ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔