رتن ٹاٹا کی وصیت کا تنازعہ ختم، موہنی موہن دتہ نے اپنا اعتراض لیا واپس، 24 لوگوں میں تقسیم کی جائے گی جائیداد
رتن ٹاٹا کی وصیت میں موہنی موہن دتہ کے علاوہ بھائی جمی نول ٹاٹا، سوتیلی بہن شرین جیجی بھائے اور ڈینا جیجی بھائے، ان کے ایگزیکٹو اسسٹنٹ شانتنو نائڈو اور ان کے کتے سمیت دیگر لوگوں کا نام ہے۔

رتن ٹاٹا کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
رتن ٹاٹا کے انتقال کے 7 ماہ بعد ان کی وصیت سے متعلق تنازعہ اب ختم ہو گیا ہے۔ دراصل ان کی وصیت میں ان کی ذاتی دولت کو تقریباً 24 لوگوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ لیکن اس وصیت پر رتن ٹاٹا کے قریبی دوست اور تاج ہوٹل کے سابق ڈائریکٹر موہنی موہن دتہ نے اعتراض کیا تھا اور انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ رتن ٹاٹا کی وصیت میں انہیں 588 کروڑ روپے سے زائد دینے کی بات تھی۔ ’اکنامک ٹائمز‘ کی خبر کے مطابق موہنی موہن دتہ نے اپنا اعتراض واپس لے لیا ہے اور وہ اپنے حصے میں آنے والی 588 کروڑ روپے کی جائیداد پر راضی ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد بامبے ہائی کورٹ نے پروبیٹ کے عمل کو تیز کر دیا ہے اور جلد ہی رتن ٹاٹا کی وصیت کے مطابق ان کی ذاتی جائیداد کو 24 لوگوں کے درمیان تقسیم کر دیا جائے گا۔
موہنی موہن دتہ رتن ٹاٹا کے کافی قریبی دوست رہے ہیں، اسی وجہ سے رتن ٹاٹا کی وصیت میں انہیں جائیداد کا ایک بڑا حصہ ملا۔ شروع میں موہنی موہن دتہ نے اپنے حصہ کو لے کر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا اور ان کا خیال تھا کہ وصیت میں لکھی جائیداد کی قیمت زیادہ ہے۔ حالانکہ اب انہوں نے اسے قبول کر لیا ہے۔ واضح ہو کہ موہنی موہن دتہ کی کمپنی ’اسٹیلین ٹریول ایجنسی‘ کی ٹاٹا گروپ کے ساتھ شراکت داری تھی، جس میں دتہ کا حصہ 80 فیصد اور ٹاٹا انڈسٹریز کا حصہ 20 فیصد تھا۔ ان کی کمپنی اسٹیلین ٹریول کو 2013 میں تاج گروپ آف ہوٹلز کی ذیلی کمپنی تاج سروسز میں ضم کر دیا گیا۔ اس کے بعد تھامس کُک (انڈیا) کو فروخت کر دیا گیا۔
موہنی موہن دتہ ٹاٹا گروپ کی کمپنی ٹاٹا کیپیٹلس میں شیئر ہولڈر ہیں۔ ان کی بیٹی بھی تاج ہوٹل میں کام کر چکی ہے۔ رتن ٹاٹا اور موہنی موہن دتہ کی ملاقات جمشید پور کے ڈیلرس ہاسٹل میں ہوئی تھی۔ رتن ٹاٹا کے انتقال کے بعد موہنی موہن دتہ نے میڈیا سے کہا تھا کہ انہوں نے میری بہت مدد کی اور مجھے زندگی میں آگے لے کر گئے۔ ہم دونوں گزشتہ 60 سال سے ایک دوسرے کے رابطے میں تھے۔ رتن ٹاٹا کی وصیت میں موہنی موہن دتہ کے علاوہ بھائی جمی نول ٹاٹا، سوتیلی بہن شرین جیجی بھائے اور ڈینا جیجی بھائے اور ان کے ایگزیکٹو اسسٹنٹ شانتنو نائڈو اور ان کے کتے سمیت دیگر لوگوں کا نام ہے۔ اس کے علاوہ ٹاٹا نے اپنی جائیداد کا ایک بڑا حصہ رتن ٹاٹا انڈومنٹ فاؤنڈیشن اور رتن ٹاٹا انڈومنٹ ٹرسٹ کو دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔