پنجابی دوشیزہ کی عصمت دری، ناگپاڑہ پولس نے ملزم کو سی سی ٹی وی کی مدد سے کیا گرفتار

پولس کے مطابق ملزم نے دوشیزہ کے لئے کھانے کا بندوبست کیا اور پھر دونوں نے مل کر کھانا کھایا اس کے بعد ملزم نے اس کی قحبہ خانہ میں ہی عصمت دری کی اور اسے دھمکی دی کہ وہ عصمت دری کا کسی سے ذکر نہ کرے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: پنجاب سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ دوشیزہ جو اپنے گھر سے بھاگ کر ممبئی پہنچی تھی اس کی عروس البلاد ممبئی کے سرخ بتی والے علاقہ کماٹی پورہ میں عصمت دری کی گئی بعد میں مقامی ناگپاڑہ پولس اسٹیشن نے عصمت دری کے ملزم اختر ریاض الدین قریشی کو کماٹی پورہ میں نصب شدہ خفیہ سی سی ٹی وی کے فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا۔

ناگپاڑہ پولس اسٹیشن کی سینئر پولس انسپکٹر شالنی شرما کے مطابق پنجاب سے تعلق رکھنے والی اٹھارہ سالہ تعلیم یافتہ دوشیزہ کا اپنے والدین سے کسی بات سے جھگڑا ہو گیا تھا جس کے سبب اس نے 17 اکتوبر کو اپنے گھر سے دس ہزار روپیہ چوری کیے اور پھر وہ امرتسر، سورت اور راجستھان کے بعد 9 نومبر کو ممبئی پہنچ گئی۔


اطلاعات کےمطابق جب وہ ممبئی پہنچی تو ممبئی سینٹرل اسٹیشن پر اس کی ملاقات ملزم اختر ریاض الدین قریشی سے ہوئی جس نے اسے روتا ہوا دیکھ کر اس سے اظہار ہمدردی کی۔ اس دوران متاثرہ دوشیزہ نے ملزم کو اس کے دل کی باتیں بتلائیں جس کے بعد ملزم اسے کماٹی پورہ لے کر پہنچا جہاں اس نے دوشیزہ کی ملاقات قحبہ خانہ میں واقع ایک گھر والی سے کروائی جس نے دوشیزہ کی ہمت بندھاتے ہوئے یہ کہا کہ کسی بھی طرح کی اس کو ٹینشن لینے کی ضرورت نہیں ہے اور وہ یہاں پوری طرح سے محفوظ ہے۔

پولس کے مطابق ملزم نے دوشیزہ کے لئے کھانے کا بندوبست کیا اور پھر دونوں نے مل کر کھانا بھی کھایا اس کے بعد ملزم نے اس کی قحبہ خانہ میں ہی عصمت دری کی اور اسے دھمکی دی کہ وہ عصمت دری کا کسی سے ذکر نہ کرے۔


سینئر پولس انسپکٹر شالنی شرما نے مزید کہا کہ ملزم نے عصمت دری کے بعد راہ فرار اختیار کر لی نیز کسی طرح سے متاثرہ دوشیزہ قحبہ خانہ سے نکل کر سڑک پر پہنچی جہاں اس کی ملاقات ایک خاتون پولس کانسٹبل سے ہوئی جس کے روبرو اس نے تمام تفصیلات بیان کی۔ بعد میں دوشیزہ کو ناگپاڑہ پولس اسٹیشن لایا گیا اور طبی معائنہ کے بعد عصمت دری کا کیس درج کیا گیا۔

پولس کے مطابق چونکہ دوشیزہ ملزم سے واقف نہیں تھی اور اس کی عصمت دری سے چند گھنٹوں قبل ہی ملاقات ہوئی تھی لہذا وہ اس کے تعلق سے مزید تفصیلات نہیں دے پا رہی تھی جس کے سبب پولس نے دوشیزہ کو خفیہ ٹی وی کیمرے کے فوٹیج دکھائی جس کے دوران ملزم کی شناخت کی گئی۔ ملزم کی شناخت کے بعد علاقہ میں مخبروں کا جال پھیلایا گیا اور اس کے بعد ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔ گرفتاری کے بعد 45 سالہ ملزم نے اعتراف جرم کیا اور عدالت میں اسے پیش کیا گیا جہاں اسے سات دنوں کی پولس تحویل میں رکھنے کا حکم جاری کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔