عصمت دری کے ملزم بی ایس پی رکن پارلیمنٹ اتل رائے کی خود سپردگی

بی ایس پی ایم پی نے 11:30 بجے کلیکٹریٹ آفس پہنچ کر جوڈیشیل مجسٹریٹ آشوتوش کے سامنے خود سپردگی کی، عدالت نے انہیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

وارانسی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے گھوسی پارلیمانی حلقے سے رکن پارلیمان اتل رائے نے اغوا و عصمت دری کے معاملے میں سنیچر کو وارانسی میں جوڈیشیل مجسٹریٹ آشوتوش کے سامنے خودسپردگی کردی۔

یکم مئی کو ایک خاتون کے ذریعہ ان کے خلاف عصمت دری کی ایف آئی آر درج کرانے کے بعد سے اتل رائے فرار چل رہے تھے۔ یہاں تک کہ انہوں نے لوک سبھا انتخابات کے دوران انتخابی مہم میں بھی حصہ نہیں لیا تھا پھر بھی وہ الیکشن جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔


اطلاعات کے مطابق بی ایس پی ایم پی آج تقریباً 11:30 بجے کلیکٹریٹ پہنچ کر جوڈیشیل مجسٹریٹ آشوتوش کے سامنے حاضر ہوئے۔ خود سپردگی کی کاروائی تکمیل ہونے کے بعد عدالت نے انہیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا۔ ذرائع کے مطابق اتل رائے کی خودسپردگی کے بارے میں پولس کو کوئی اطلاع نہیں تھی۔ پولس کو اس وقت اطلاع ملی جب وہ اپنے وکلاء اور حامیوں کے ساتھ سی جی ایم کورٹ پہنچ گئے۔ ان سے پوچھ تاچھ کے لئے پولس عدالت سے ریمانڈ پر لینے کا مطالبہ بھی کر سکتی ہے۔

ملحوظ رہے اس سے قبل الہ آباد کورٹ اور سپریم کورٹ نے اتل رائے کے پیشگی ضمانت کی عرضی کو خارج کرتے ہوئے خودسپردگی کا حکم دیا تھا۔ خود سپردگی کے بعد اب وہ مذکورہ عدالت کے سامنے ضمانت کی عرضی داخل کریں گے۔ اتل رائے پر بلیا کی رہنے والی وارانسی میں زیر تعلیم ایک طالبہ نے اپریل کے مہینے میں عصمت دری کا الزام لگایا تھا۔


طالبہ کے بقول رائے اسے اپنے گھر اپنی بیوی سے متعارف کرانے کے بہانے لے گئے تھے لیکن انہوں نے اس کے ساتھ زیادتی کی۔ رائے نے طالبہ کے ذریعہ لگائے گئے الزامات کو خارج کردیا تھا لیکن یکم مئی کو لنکا پولس اسٹیشن میں اس ضمن میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ اتل رائے نے ابھی تک رکن لوک سبھا ممبر کے طور پر حلف بھی نہیں لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔