وراٹ بلے بازوں کی کارکردگی سے مایوس، تبدیلی کا اشارہ دیا

ہندوستانی ٹیم کے پاس رانچی میں تیسرا میچ جیت کر پانچ میچوں کی سیریز پر قبضہ کرنے کا موقع تھا لیکن 32 رن کی شکست کے ساتھ میزبان ٹیم اس سے چوک گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

رانچی: آسٹریلیا سے رانچی میں تیسرا ون ڈے ہارنے کے بعد ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ انہیں یقین تھا کہ وہ ہدف کا تعاقب کرسکتے تھے لیکن مسلسل وکٹ گنوانے سے میچ ہاتھ سے نکل گیا۔ اسی کے ساتھ کپتان نے اگلے میچوں میں تبدیلی کے اشارے دے کر کھلاڑیوں کو کھیل میں اصلاح کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔

ہندوستانی ٹیم کے پاس رانچی میں تیسرا میچ جیت کر پانچ میچوں کی سیریز پر قبضہ کرنے کا موقع تھا لیکن 32 رن کی شکست کے ساتھ میزبان ٹیم اس سے چوک گئی۔ اس میچ میں وراٹ نے 123 رنز کی سنچری اننگز کھیلی لیکن شکھر دھون اور روہت شرما کی اوپننگ جوڑی نے پھر مایوس کیا جس نے پہلے وکٹ کے لئے 11 رن ہی جوڑے۔ وراٹ کے علاوہ وجے شنکر نے 32 رنز بنا کر دوسری بڑی اننگز کھیلی۔

وراٹ نے میچ کے بعد تسلیم کیا کہ ان سے حالات کا جائزہ لینے میں بھی غلطی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ "ہمیں یقین تھا کہ ہم آسٹریلیا سے ملے 314 رن کے ہدف کا تعاقب کرسکتے ہیں خاص طور پر جب ہم نے میکسویل کو رن آوٹ کیا تھا۔ ہم مکمل طور پر مثبت تھے لیکن ہم میچ کی پوزیشن کو صحیح طریقہ سے سمجھ نہیں سکے‘‘۔

کپتان کوہلی نے ہنستے ہوئے کہا کہ "ہمیں بتایا گیا تھا کہ ساڑھے سات بجے کے قریب یہاں اوس ہوگی لیکن ایسا کچھ بھی نہیں تھا۔ ہم سے شاید حالات کا جائزہ لینے میں غلطی ہوئی۔ اس وکٹ پر زیادہ تبدیلی نہیں آئی اور ایسے میں جو بھی گیند ہمارے پاس تھی اس سے ہی ہمیں کھیلنا تھا۔"

وراٹ نے ساتھ ہی کہا کہ بلے بازوں نے جس طرح جلد وکٹ گنوائے اس سے بھی ہدف تک پہنچنا مشکل ہوگیا۔ انہوں نے کہا، "ہر ایک وکٹ گنوانے کے ساتھ صورت حال مشکل ہوتی جا رہی تھی۔ تین وکٹ گنوانے کے بعد بھی موقع تھا لیکن جب پانچ وکٹ گر جاتے ہیں تو حالات مشکل ہو جاتے ہیں۔ میرے اور وجے کے آؤٹ ہونے کے بعد تو ہمارے پاس پھر واپسی کی امید ہی نہیں بچی۔"۔

بلے بازی سے مسلسل متاثر کر رہے اسٹار کھلاڑی وراٹ نے اگرچہ ٹیم کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا، "ہمیں اپنے کرکٹ پر فخر ہے۔ ہم نے کچھ وکٹ گنوانے کے باوجود بہترین شراکت کی لیکن ایک ساتھ تین وکٹ گرنا اچھا نہیں تھا۔ جو کھلاڑی جلد آؤٹ ہوئے انہیں اگلے مواقع سےفائدہ اٹھانا ہوگا ۔ "

وراٹ نے اپنی کارکردگی کے سلسلے میں کہا، "یہ میری اب تک کی سب سے اچھی اننگز میں سے ایک تھی کیونکہ میں گیند کو اچھے سے ہٹ کر پا رہا تھا۔ تین وکٹ گر نے کے بعد بھی مجھے لگا کہ ہم ہدف کو حاصل کرسکتے ہیں۔ میں نے اپنے فطری کھیل کھیلنے پر توجہ دی کیونکہ یہ میرا بہترین طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ "میں اگرچہ اس بات سے مایوس ہوں کہ جب فرق صرف 20 رہ گیا تو میں آؤٹ ہو گیا لیکن ہمیں اگلے میچ میں کچھ تبدیلیاں کرنی ہوں گی اور ایسا کرنے کا مقصد کھلاڑیوں کو یہ بتانا ہے کہ وہ اپنی بہترین اور میچ فاتح کرنے کی کارکردگی کرنے پر توجہ مرکوز کریں تاکہ انگلینڈ روانہ ہونے سے پہلے ان کا کھیل چوٹی کی سطح کا ہو۔ "

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔