رام دیو کا شاہین باغ جانے کا منصوبہ ناکام، پولیس نے اجازت دینے سے کیا انکار

رام دیو نے اعلان کیا تھا کہ وہ شاہین باغ میں جا کر وہاں دھرنے پر بیٹھی خواتین کو سمجھائیں گے کیونکہ مسلمانوں کو سی اے اے کے حوالہ سے گمراہ کیا گیا ہے لیکن پولیس نے انہیں وہاں جانے کی اجازت نہیں دی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: یوگا گرو رام دیو نے گزشتہ روز شاہین باغ جا کر وہاں کی مظاہرین کو سمجھانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پولیس کی طرف سے انہیں اجازت نہ دیئے جانے کے بعد ان کا دورہ منسوخ ہو گیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق پولیس نے حفاظتی وجوہات کی بنا پر ان کو شاہین باغ جانے کی اجازت نہیں دی۔ شاہین باغ میں مقامی خواتین شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔ رام دیو ان مظاہرین سے بات کرنے شاہین باغ جانا چاہتے تھے، ان کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کو سی اے اے کے حوالہ سے گمراہ کیا گیا ہے۔

رام دیو نے جمعہ کے روز ایک ٹی وی پروگرام کے دوران شاہین باغ جانے کا اعلان کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے کہا، ’’شہریت قانون سے مسلمانوں کی شہریت ختم کر دی جائے گی، یہ غلط تشہیر کی جا رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’میں کل (سنیچر کو) شاہین باغ جاؤں گا۔ میں وہاں جاکر ان کی بات سنوں گا اور ان سے بات کر کے وزیر اعظم مودی اور ان کے لوگوں کو بتاؤں گا۔‘‘


رام دیو نے کہا کہ وہ کسی کے حق یا مخالفت میں نہیں جا رہے ہیں۔ رام دیو نے کہا کہ سڑک پر مظاہرہ صحیح نہیں ہے۔ جتنا ہندوؤں کو یہاں رہنے کا حق ہے، اسی طرح مسلمانوں کو بھی اس ملک میں رہنے کا حق ہے۔ انہوں نے کہا، ’’وہ خوفزدہ کیوں ہیں؟ ملک میں جھوٹا خوف پیدا کیا جارہا ہے۔‘‘ دریں اثنا دہلی پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا، ’’بابا رام دیو کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں شاہین باغ نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ پولیس نے بابا رام دیو کے حفاظتی عملہ کو یہ مشورہ دیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق، رام دیو کے سیکورٹی آفیسر نے دہلی پولیس کو مطلع کیا تھا کہ رام دیو شاہین باغ جانا چاہتے ہیں۔ رام دیو کے سیکورٹی عہدیداروں سے معلومات حاصل کرنے کے بعد، دہلی پولیس نے صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد، دہلی پولیس نے رام دیو کے سیکورٹی آفیسر کو بتایا کہ اس وقت شاہین باغ جانا درست نہیں ہے۔ پولیس نے اس صورتحال سے آگاہ کرنے کے بعد رام دیو کا شاہین باغ کا دورہ منسوخ کر دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔