مدھیہ پردیش کے کالجوں میں نصاب کا حصہ بنے گی ’رام چرت مانس‘، ریاستی وزیر کا اعلان

اعلیٰ تعلیم کے وزیر ڈاکٹر موہن یادو ہولکر سائنس کالج میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جب انھوں نے کالجوں میں رام چرت مانس پڑھائے جانے کا اعلان کیا۔

رام چرت مانس، تصویر آئی اے این ایس
رام چرت مانس، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

گجرات کے اسکولوں میں ’بھگوت گیتا‘ پڑھائے جانے کا اعلان گزشتہ دنوں ہوا تھا جس پر ابھی ہنگامہ ختم بھی نہیں ہوا ہے اور مدھیہ پردیش کے کالجوں میں ’رام چرت مانس‘ کو نصاب کا حصہ بنائے جانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ریاست کے کالجوں میں رام چرت مانس پڑھائی جائے گی۔ انھوں نے ایک تقریب کے دوران واضح لفظوں میں کہا کہ رام چرت مانس کو کالجوں میں نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔

ڈاکٹر موہن یادو ہولکر سائنس کالج میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جب انھوں نے کالجوں میں رام چرت مانس پڑھائے جانے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کالج احاطہ میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کاموں کا اجراء اور بھومی پوجن بھی کی۔


واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کی حکومت نے اس طرح کا فیصلہ گزشتہ سال ستمبر میں لیا تھا۔ اس وقت محکمہ اعلیٰ تعلیم نے بی اے سال اوّل کے کورس کے لیے ’رام چرت مانس کا فلسفہ‘ نام سے نصاب تیار کیا تھا۔ ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ ریاستی کالجوں اور یونیورسٹیوں کے آرٹ فیکلٹی میں فلاسفی کے تحت متبادل موضوع کے طور پر ’رام چرت مانس‘ کی پڑھائی ہوگی۔

بی جے پی حکمراں ریاستوں کے اسکولوں میں گیتا اور رام چرت مانس پڑھانے پر زور لگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔ ابھی حال ہی میں گجرات حکومت نے اپنے اسکولوں میں بھگوت گیتا پڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے بعد بی جے پی حکمراں کرناٹک میں بھی بھگوت گیتا کو اسکولی نصاب میں شامل کیے جانے پر سیاسی لیڈروں کا بیان سامنے آنا شروع ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */