’رام مندر عدالت عظمی کے حکم پر تعمیر ہو رہا ہے، بی جے پی کا اس میں کوئی کردار نہیں‘ دیوبند میں شیو پال یادو کا بیان

شیو پال یادو نے کہا ہے کہ رام مندر کی تعمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا کوئی رول نہیں ہے، کیونکہ رام مندر عدالت کے حکم پر بنایا جا رہا ہے؛ لیکن بی جے پی رام کے نام کے سہارے پر ہی اپنی سیاست چلاتی ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر عارف عثمانی</p></div>

تصویر عارف عثمانی

user

عارف عثمانی

دیوبند: سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری شیو پال یادو نے کہا ہے کہ رام مندر کی تعمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا کوئی رول نہیں ہے، کیونکہ رام مندر عدالت کے حکم پر بنایا جا رہا ہے؛ لیکن بی جے پی رام کے نام کے سہارے پر ہی اپنی سیاست چلاتی ہے۔

اتوار کے روز سہارنپور جاتے ہوئے اسٹیٹ ہائی وے پر واقع سابق وزیر مملکت راؤ قاری ساجد کی رہائش گاہ پر منعقد ایک پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے شیو پال یادو نے کہا کہ بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے ہی انڈیا متحدہ محاذ تشکیل دیا گیا ہے۔ پارٹی کارکنان سے ملاقات کے دوران شیوپال یادو نے انہیں آنے والے پارلیمانی انتخابات 2024 کی تیاریوں میں لگ جانے کے لئے کہا۔

انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی بلا کسی جواز کے رام مندر کی تعمیر کا کریڈٹ لینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں آئندہ 22 جنوری کو ہونے والے پروگرام میں شرکت کے لئے سماجوادی پارٹی کو ابھی تک کوئی دعوت نامہ نہیں ملا ہے۔ متھرا تنازع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شیو پال یادو نے کہا کہ یہ پورا معاملہ ابھی عدالت میں زیر غور ہے اس لئے اس سلسلہ میں کچھ کہنا مناسب نہیں ہے، لیکن عدالت کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ سب کے لئے قابل قبول ہوگا۔


انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں اس ملک کے کسان، نوجوان، تاجر اور عام آدمی بہت زیادہ پریشان ہے، انہوں نے کہا کہ دسمبر کے آدھے مہینہ کے گزرنے کے بعد بھی گنے کی نئی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیاہے۔ اس کے علاوہ حکومت کے پاس نوجوانوں کو روزگار دینے کے لئے کوئی پالیسی نہیں ہے، جب کہ بے تحاشا مہنگائی کی وجہ سے ہر شخص خاص طور پر غریب طبقہ بیحد پریشان ہے۔ انہوں نے بی جے پی الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے تمام قانونی اداروں پر غیر قانونی طریقے سے اپنا قبضہ کر لیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انڈیا متحدہ محاذ کے پاس وزیر اعظم عہدہ کے لئے کئی قابل چہرے ہیں، سیٹوں کی تقسیم کے سلسلہ میں شیو پال یادو نے کہا کہ وقت آنے پر بغیر کسی اعتراض کے تمام سیٹوں کی تقسیم ہو جائے گی اور پارلیمانی انتخاب پوری قوت اور اتحاد کے ساتھ لڑا جائے گا۔ اس پروگرام میں اکھلیش یادو کی حکومت میں شریک سابق کابینی وزیر شاہد منظور، سابق منسٹر سرفراز خان، سماجوادی پارٹی کے ضلع صدر چودھری عبد الواحد، رام کشن سینی، نواب سنگھ یادو، اسد جمال فیضی، روی سینی، نوشاد قریشی، جاوید خان، رضوان انصاری اور عامل خان سمیت بڑی تعداد میں سماج وادی پارٹی کے کارکنان موجود رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔