رام مندر تعمیر کے لیے ہلچل تیز، ایودھیا پہنچے نرپیندر مشرا

ایودھیا میں رام مندر تعمیر کو لے کر سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ رام مندر تعمیر کمیٹی کے سربراہ نرپیندر مشرا بدھ کی دیر شام ایودھیا پہنچے جس کے بعد سے میٹنگوں کا دور شروع ہو گیا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ایودھیا میں رام مندر تعمیر کو لے کر ہلچل بڑھ گئی ہے۔ رام مندر تعمیر کمیٹی کے سربراہ نرپیندر مشرا بدھ کی دیر شام ایودھیا پہنچے اور اس کے بعد سے ہی میٹنگوں کا دور شروع ہو گیا۔ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کی 18 جولائی کو ہونے والی اہم میٹنگ سے قبل نرپیندر مشرا نے جمعرات کو شری رام جنم بھومی ٹرسٹ اور تعمیر کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ ایودھیا سرکٹ ہاؤس میں میٹنگ کی۔ اس میں ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے، ڈی ایم انوج جھا، کمشنر اور ایس ایس پی آشیش تیواری بھی موجود رہے۔ میٹنگ ختم کرنے کے بعد یہ سبھی لوگ رام جنم بھومی احاطہ کی جانب نکل گئے۔

شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کی میٹنگ 18 جولائی کو مقرر ہے۔ اس کے لیے ہر طرح کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ ٹرسٹ کے رکن انل مشرا نے بتایا کہ جمعرت کو ہوئی میٹنگ صرف رسم ادائیگی کے لیے نہیں تھی بلکہ کئی باتوں پر غور و خوض ہوا۔ اب 18 جولائی کو ٹرسٹ کے سبھی اراکین کے ساتھ میٹنگ ہوگی۔ اس کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ کورونا کو دیکھتے ہوئے اس میٹنگ کو حفاظتی ماحول میں کیا جانا ہے۔ پی ایم مودی کے پروگرام کا فیصلہ بھی ٹرسٹ کی میٹنگ میں ہی ہوگا۔


بہر حال، نرپیندر مشرا کا ایودھیا دورہ کئی معنوں میں اہمیت کا حامل ہے۔ چونکہ پی ایم مودی کے ایودھیا سفر کو لے کر بھی اس میٹنگ میں تبادلہ خیال ہو سکتا ہے اور اسی لیے نرپیندر مشرا کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ 18 جولائی تک ایودھیا میں رہیں گے۔ میٹنگ میں ماڈل یا ڈیزائن میں تبدیلی کو لے کر بھی تبادلہ خیال ہو سکتا ہے۔ رام مندر کا ماڈل تیار کرنے والے چندرکانت سومپورا کے علاوہ ان کے بیٹے نکھل سومپورا بھی ایودھیا پہنچے ہیں جو 18 جولائی کی میٹنگ میں شامل ہو سکتے ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ نرپیندر مشرا کے ساتھ سرکردہ انجینئروں کا ایک گروپ بھی ایودھیا پہنچا ہے جو مندر تعمیر کی باریکیوں کو دیکھے گا۔ واضح رہے کہ ٹرسٹ کے لوگ اور ایودھیا کے سنت لگاتار وزیر اعظم نریندر مودی سے ایودھیا آنے کی اپیل کر رہے ہیں، حالانکہ ابھی تک اس سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Jul 2020, 7:11 PM