رام مندر LIVE: افسوسناک! بھومی پوجن تقریب میں شامل نہیں ہوں گے اڈوانی اور جوشی

تصویر سوشل میڈیا اسکرول
تصویر سوشل میڈیا اسکرول
user

قومی آوازبیورو

03 Aug 2020, 9:59 PM

بھومی پوجن میں تقریب میں ورچوئل طریقے سے شامل ہوں گے اڈوانی-جوشی!

رام مندر تحریک کی روح رواں شخصیتوں میں شامل بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی رام مندر بھومی پوجن کی تقریب میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ حالانکہ یہ دونوں لیڈران تقریب میں ورچوئل انداز میں شریک ہو سکیں گے۔ دراصل کورونا کے مدنظر شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ نے دونوں لیڈروں کو مدعو تو کیا ہے، لیکن عمر، صحت اور کورونا انفیکشن کو دیکھتے ہوئے انھوں نے ورچوئل طریقے سے شامل ہونے کا فیصلہ لیا۔

03 Aug 2020, 9:11 PM

پی ایم مودی 5 اگست کو رام مندر کے نئے ماڈل کا ڈاک ٹکٹ کریں گے جاری

میڈیا ذرائع کے مطابق یو پی حکومت نے مندر کے نئے ماڈل کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا ہے جس کی رونمائی پی ایم مودی 5 اگست کو ہی کریں گے۔ اس موقع پر اسٹیج پر صرف 5 لوگ موجود ہوں گے جن میں پی ایم مودی، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت، گورنر آنندی بین پٹیل اور ٹرسٹ کے سربراہ نرتیہ گوپال داس کا نام شامل ہے۔

03 Aug 2020, 8:11 PM

ایودھیا کی سڑکوں اور گلیاروں میں لہرا رہے بھگوا پرچم

رام مندر تعمیر کے لیے بھومی پوجن کی تیاریاں چل رہی ہیں۔ ویسے تو بھومی پوجن کی تقریب 5 اگست کو ہے، لیکن رسوم کی ادائیگی آج سے ہی شروع ہو گئی ہے اور مکمل ایودھیا میں ایک جشن کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق گھر گھر میں خوشی کا ماحول ہے، سڑکوں و گلیوں سے لے کر گھروں کی چھتوں پر بھی بھگوا پرچم لہراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔


03 Aug 2020, 7:18 PM

کل شام تک ایودھیا پہنچیں گے موہن بھاگوت اور بھیا جی جوشی

رام مندر تعمیر کے لیے 5 اگست کو مقرر کردہ بھومی پوجن تقریب کے لیے سبھی تیاریاں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں۔ اس درمیان شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ سنگ بنیاد تقریب میں شامل ہونے کے لیے بہت سے مہمانوں کو ایودھیا آنا ہے اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت، سریش بھیا جی و دیگر مہمانان کل شام تک یہاں پہنچ جائیں گے۔

03 Aug 2020, 5:56 PM

بھومی پوجن پروگرام کو براہ راست نشر کیا جائے گا: یوگی آدتیہ ناتھ

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ آج ایودھیا میں رام جنم بھومی پہنچے ہوئے ہیں۔ یہاں انھوں نے 5 اگست کو ہونے والے بھومی پوجن تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور اس کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے پورے پروگرام کو براہ راست نشر کیے جانے کی بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ رام مندر تعمیر کا خواب کروڑوں لوگوں نے دیکھا تھا جو اب پورا ہونے والا ہے اور سبھی گھر میں بیٹھ کر اس تقریب کو دیکھ سکیں گے۔


03 Aug 2020, 5:10 PM

اقبال انصاری کے ساتھ ساتھ محمد شریف کو بھی دعوت نامہ بھیجا گیا: چمپت رائے

رام جنم بھومی ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اقبال انصاری کے ساتھ ساتھ محمد شریف کو بھی رام مندر تعمیر کے لیے بھومی پوجن تقریب میں شامل ہونے کا دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔ دراصل محمد شریف مفت میں ہندوؤں کی آخری رسومات ادا کرتے ہیں اور اب تک تقریباً 10 ہزار لوگوں کو سپرد آتش کر چکے ہیں۔ اس کے لیے انھیں قومی سطح پر اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔ محمد شریف ایودھیا کے ہی باشندہ ہیں اور ان کا بھومی پوجن تقریب میں شامل ہونا ہندوستان میں ہندو-مسلم اتحاد کی ایک مثال بن سکتی ہے۔ حالانکہ ابھی تک اس سلسلے میں محمد شریف کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

03 Aug 2020, 3:48 PM

یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پہنچے ایودھیا، بھومی پوجن کی تیاریوں کا لیا جائزہ

آئندہ 5 اگست کو رام مندر تعمیر کے لیے بھومی پوجن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ایودھیا پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے یہاں بھومی پوجن کی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ یہاں وہ اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ بھی کریں گے جس میں سیکورٹی اور کورونا انفیکشن کے تعلق سے اہم باتیں زیر غور ہوں گی۔


03 Aug 2020, 2:55 PM

ادھو ٹھاکرے نے رام مندر تعمیر کے لیے 1 کروڑ روپے کا کیا عطیہ

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے شیوسینا کی جانب سے رام مندر تعمیر کے لیے ایک کروڑ روپے کا عطیہ کیا ہے۔ انھوں نے رام مندر ٹرسٹ کو اس سلسلے میں ایک خط بھی لکھا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ شیوسینا سربراہ رام جنم بھومی 'بھومی پوجن' کے لیے ایودھیا جانا چاہتے تھے لیکن ان کی خواہش پوری ہوتی ہوئی معلوم نہیں پڑ رہی ہے۔

03 Aug 2020, 2:10 PM

ایودھیا: بھومی پوجن سے قبل پی ایم مودی ہنومان گڑھی مندر میں کریں گے پوجا

ایودھیا میں 5 اگست کو ہونے والے رام مندر بھومی پوجن کی تقریب آج سے شروع ہو گئی ہے۔ کچھ رسمیں ہو چکی ہیں اور مزید رسمیں ہونا باقی ہیں۔ اس درمیان میڈیا ذرائع سے خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ ہنومان گڑھی مندر کو سینیٹائز کیا جانے والا ہے کیونکہ پی ایم نریندر مودی بھوجن پوجن تقریب میں شامل ہونے سے قبل اسی مندر میں پوجا کریں گے۔ ہنومان گڑھی مندر کے پجاری کا کہنا ہے کہ "پی ایم مودی رام جنم بھومی میں بھومی پوجن کے لیے جانے سے پہلے ہنومان گڑھی ٹیمپل پہنچ کر پوجا کریں گے۔ اس پوجا کی تیاریاں سرگرمی کے ساتھ چل رہی ہیں۔"


03 Aug 2020, 1:24 PM

ایودھیا میں گوری گنیش کی پوجا کے ساتھ رسموں کا آغاز

ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لیے بھومی پوجن کا پروگرام 5 اگست کو ہے، لیکن اس تقریب کا آغاز آج سے ہی ہو چکا ہے۔ فی الحال بھومی پوجن والی جگہ پر بھگوان شری گوری گنیش کی پوجا کی گئی ہے اور اس موقع پر محدود لوگ موجود تھے۔ دوپہر کے تقریباً ایک بجے یہ پوجا ختم ہوئی۔ اس وقت رام جنم بھومی احاطہ میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان بہت خاص لوگوں کی ہی آمد ہو پا رہی ہے۔ 5 اگست کو ہونے والی تقریب کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں جب پی ایم نریندر مودی سمیت اہم شخصیتیں کی بھومی پوجن میں شرکت ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔