راجیہ سبھا انتخابات: آر جے ڈی امیدوار کے طور پر میسا بھارتی اور فیاض احمد کے کاغذات نامزدگی داخل

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو کی بڑی بیٹی میسا بھارتی اور سابق رکن اسمبلی فیاض احمد نے جمعہ کے روز راجیہ سبھا انتخابات کے لئے پٹنہ میں کاغذات نامزدگی داخل کر دئے

میسا بھارتی، فیاض احمد / تصویر ٹوئٹر
میسا بھارتی، فیاض احمد / تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو کی بڑی بیٹی میسا بھارتی اور سابق رکن اسمبلی فیاض احمد نے جمعہ کے روز راجیہ سبھا انتخابات کے لئے پٹنہ میں کاغذات نامزدگی داخل کر دئے۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر میسا بھارتی کے بھائی تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ یادو، بھولا یادو اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

میسا بھارتی اور فیاض احمد صبح 11.30 بجے کے قریب کاغذات نامزدگی داخل کرنے بہار قانون ساز اسمبلی پہنچے۔ لالو پرساد یادو بھی طویل عرصے کے بعد بہار اسمبلی پہنچے۔ فیاض احمد اپنی اہلیہ کے ساتھ اسمبلی کے لیے روانہ ہونے سے قبل صبح لالو یادو کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے لئے بھی گئے تھے۔


میسا فی الحال آر جے ڈی کوٹے سے راجیہ سبھا کی رکن ہیں اور ان کی مدت جون میں ختم ہو رہی ہے۔ ان کے علاوہ مرکزی وزیر برائے اسٹیل آر سی پی سنگھ، گوپال نارائن سنگھ، ستیش چندر دوبے اور شرد یادو کی میعاد بھی 21 جون سے یکم اگست کے درمیان ختم ہو رہی ہے۔

بہار قانون ساز اسمبلی کی سیٹوں کی موجودہ ریاضی کے مطابق راجیہ سبھا کی دو سیٹیں آر جے ڈی، دو سیٹیں بی جے پی اور ایک سیٹ جے ڈی یو کی ہے۔ بی جے پی اور جے ڈی یو نے ابھی امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔