راجیہ سبھا: میرٹھ میں ہائی کورٹ بنچ کی تشکیل کا مطالبہ، وجے پال سنگھ تومر نے ایوانِ بالا میں اٹھایا مسئلہ

وجئے پال سنگھ تومر نے کہا کہ اتر پردیش کی مجموعی آبادی 23 کروڑ ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ میں نو لاکھ مقدمات ہیں جن میں سے تقریباً 50 فیصد مقدمات مغربی اتر پردیش کے 22 اضلاع سے ہیں۔

الہ آباد ہائی کورٹ، اتر پردیش / تصویر آئی اے این ایس
الہ آباد ہائی کورٹ، اتر پردیش / تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے وجئے پال سنگھ تومر نے بدھ کے روز ایوان بالا راجیہ سبھا میں مغربی اتر پردیش کے لوگوں کی سہولت کے لئے میرٹھ میں الہ آباد ہائی کورٹ بنچ کی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ تومرنے وقفہ صفر کے دوران مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ مغربی اتر پردیش کا بہت بڑا حصہ الہ آباد سے بہت دور ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو بہت ساری پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ غریب لوگوں کو قانونی چارہ جوئی سے زیادہ دقتیں ہوتی ہیں۔

وجئے پال سنگھ تومر نے کہا کہ اتر پردیش کی مجموعی آبادی 23 کروڑ ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ میں نو لاکھ مقدمات ہیں جن میں سے تقریباً 50 فیصد مقدمات مغربی اتر پردیش کے 22 اضلاع سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش جتنی بڑی ریاست ہے اس میں اگر چار مقامات پر ہائی کورٹ کی بنچ قائم ہوجائے تو بھی کم ہوگا۔


وجئے پال تومر نے کہا کہ ریاستی حکومت نے مرکز سے دو بار میرٹھ میں ہائی کورٹ بنچ قائم کرنے کی درخواست کی ہے۔ تومر نے مزید کہا کہ حال ہی میں ایک وفد نے مرکزی وزیر قانون سے ملاقات کی تھی اور میرٹھ میں ایک بنچ قائم کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے رانچی میں بھی ایک چیئر بنچ قائم کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔