راج ناتھ کے بیان سے پی ایم مودی کی ’چوکیداری‘ پر سوالیہ نشان

ہیرا کاروباری نیرو مودی، میہل چوکسی اور وجے مالیا جیسے صنعت کار ملک کے بینکوں کا ہزاروں کروڑ روپے لے کر بھاگ چکے ہیں۔ یہ سبھی صنعت کار 2014 میں مودی حکومت تشکیل پانے کے بعد ہی ملک سے فرار ہوئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے بلند شہر میں بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے اپنے بیان سے مودی حکومت پر ہی سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ انھوں نے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ملک میں کانگریس کی حکومت تھی تب تک نیرو مودی، میہل چوکسی اور وجے مالیا جیسے صنعت کار نہیں بھاگے، لیکن جیسے ہی ’چوکیدار‘ آیا وہ بھاگ گئے۔ انھوں نے پی ایم مودی کو چوکنا ’چوکیدار‘ بتایا۔ چوکنا ’چوکیدار‘ کہتے ہی راج ناتھ سنگھ نے پی ایم مودی کی حکومت پر سوال کھڑے کر دیے اور انھیں پتہ ہی نہیں چلا۔ سوال یہ ہے کہ اگر ’چوکیدار‘ چوکنا تھا تو یہ صنعت کار بھاگ کیسے گئے؟ انھیں تو جیل میں ہونا چاہیے تھا۔

غور طلب ہے کہ نیرو مودی، میہل چوکسی اور وجے مالیا جیسے صنعت کار ملک کے بینکوں کا ہزاروں کروڑ روپے لے کر بھاگ گئے تھے۔ یہ سبھی صنعت کار 2014 میں مودی کی حکومت آنے کے بعد ہی فرار ہوئے تھے۔ کانگریس پارٹی بھی یہ سوال پوچھتی رہی ہے کہ اگر مودی جی خود کو ’چوکیدار‘ کہتے ہیں تو ان کی چوکیداری میں ملک کا ہزاروں کروڑ روپے لے کر نیرو مودی، میہل چوکسی اور وجے مالیا کیسے بھاگ گئے؟

کانگریس کا یہ بھی الزام ہے کہ وجے مالیا جیسے صنعت کار تو وزیر مالیات ارون جیٹلی سے پارلیمنٹ میں ملاقات کر کے فرار ہوا تھا۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ مالیا کے ملک چھوڑنے سے پہلے مودی حکومت کو اس بات کی جانکاری تھی۔ باوجود اس کے مودی حکومت نے وجے مالیا کو بھاگنے دیا۔ کانگریس کا الزام ہے کہ پہلے مودی حکومت نے ان صنعت کاروں کو ملک سے بھگایا اور اب وہ انھیں ملک واپس لانے کا ڈھونگ کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Apr 2019, 7:10 PM