راجیو پرتاپ روڑی مستعفی، 2 ستمبر کو کابینہ میں توسیع متوقع

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مرکزی وزیر مملکت برائے اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ راجیو پرتاپ روڑی نے آج اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ اس قدم کے بعد مرکزی کابینہ کی توسیع 2 ستمبر تک ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اوما بھارتی نے بھی استعفیٰ کی پیش کش کی ہے۔ جس طرح کے حالات بن رہے ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ مرکزی کابینہ میں بہت بڑا رد و بدل ہونے والا ہے۔ حالانکہ اوما بھارتی کے استعفیٰ کے پیشکش سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ ان کی صحت ٹھیک نہیں رہتی ہے اس لیے انھوں نے استعفیٰ کی خواہش ظاہر کی ہے۔ لیکن خبریں ایسی بھی مل رہی ہیں کہ اتر پردیش کابینہ کی توسیع بھی جلد ممکن ہے اس لیے اوما بھارتی کے ذریعہ استعفیٰ کی پیشکش کا تعلق اس سے بھی جڑا ہو سکتا ہے۔ خصوصی ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پھگن کلستے نے بھی استعفیٰ کی پیش کش کر دی ہے۔

مرکزی کابینہ میں جلد توسیع کی توقع اس لیے بھی کی جا رہی ہے کیوں کہ وزیر اعظم نریندر مودی 3 سے 5 ستمبر کے دوران برکس اعلیٰ سطحی سمیلن میں شرکت کے لیے جا رہے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے جس میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ روڑی کو تنظیمی امور کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔ علاوہ ازیں مرکزی وزیر ریل سریش پربھو نے گزشتہ دنوں اپنی وزارت سے استعفیٰ دینے کی جو پیش کش کی تھی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے انھیں تھوڑا انتظار کرنے کے لیے کہا تھا، ان کا انتظار بھی غالباً اب ختم ہو جائے گا کیونکہ اس طرح کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں کہ نتن گڈکری اگلے وزیر ریل بنائے جا سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Aug 2017, 10:54 PM