راجستھان: کرنی سینا کے صدر کے قتل پر ہنگامہ! ’نئے وزیر اعلیٰ کو حلف نہیں لینے دیں گے‘

مہیپال سنگھ مکرانہ نے خبردار کیا کہ ہم راجستھان میں نئے وزیر اعلیٰ کو اس وقت تک حلف نہیں اٹھانے دیں گے جب تک سکھ دیو سنگھ گوگامیڈی کے قاتلوں کا انکاؤنٹر نہیں کیا جاتا

<div class="paragraphs"><p>سکھ دیو سنگھ گوگامیڈی / فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

سکھ دیو سنگھ گوگامیڈی / فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

جے پور: جے پور میں ’شری راشٹریہ راجپوت کرنی سینا‘ کے صدر سکھ دیو سنگھ گوگامیڈی کے قتل کے بعد پورے راجستھان میں ہنگامہ ہے۔ حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی اس بڑے واقعہ کے سبب بی جے پی کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ بی جے پی کو لے کر لوگوں میں غصہ صاف نظر آ رہا ہے، اسی لیے اب راجپوت کرنی سینا کے صدر مہیپال سنگھ مکرانہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ نئے وزیر اعلیٰ کو حلف نہیں لینے دیں گے۔

مہیپال سنگھ مکرانہ نے خبردار کیا کہ ’’راجستھان میں نئے وزیر اعلیٰ کو اس وقت تک حلف نہیں اٹھانے دیں گے جب تک سکھ دیو سنگھ گوگامیڈی کے قاتلوں کا انکاؤنٹر نہیں ہو جاتا۔‘‘ مہیپال سنگھ مکرانہ نے کہا ہے کہ ان کے تین اہم مطالبات ہیں جن میں اس معاملے کی این آئی اے سے تحقیقات، ملزمین کا انکاؤنٹر اور گوگامیڈی کو سکیورٹی فراہم نہ کرنے کے معاملے کی ہائی کورٹ کے جج سے تفتیش شامل ہے۔


سکھ دیو سنگھ گوگامیڈی کے قتل کے خلاف راجستھان کے جے پور میں لوگوں نے احتجاج کیا۔ راشٹریہ راجپوت کرنی سینا نے راجستھان بند کا اعلان کیا ہے اور جے پور میں کاروباری تنظیموں نے بھی بند کی کال دی ہے۔ شہر میں چلنے والی لو فلور بسوں کا آپریشن روک دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ اسکول بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

وہیں راجستھان میں پولیس نے کرنی سینا کے صدر سکھ دیو سنگھ گوگامیڈی کے قتل کیس میں کارروائی کی ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں ہریانہ سے دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولیس نے قاتلوں کے ساتھ آئے نوین کے موبائل فون سے حقائق اکٹھے کر لیے ہیں۔ معلومات کے مطابق، قتل کے ملزم نوین کو اپنے ساتھ گوگامیڈی کے گھر لے گئے تھے۔ نوین کی موت کے بعد پولیس نے اس کے اہل خانہ سے معلومات اکٹھی کی تھیں۔ جس کے بعد پولیس نے کارروائی کی۔


قابل ذکر ہے کہ گوگامیڈی کو منگل کی دوپہر جے پور میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ منگل کی دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے دو بدمعاش گوگامیڈی کے گھر پہنچے اور فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے بعد قاتل فرار ہو گئے۔ اس واقعہ کے دوران حملہ آوروں نے نوین شیکھاوت کو بھی گولی مار دی جو ان کے ساتھ آیا تھا۔ گھر میں موجود ایک اور شخص شدید زخمی ہو گیا۔ روہت گودارا گینگ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ گوگامیڈی پر حملے کا پورا واقعہ گھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔