راجستھان: بی جے پی نے پوسٹر میں جس کسان کو بتایا قرض دار، وہ نکلا زمیندار!

کسان مادھورام جئے پال کا کہنا ہے کہ اس پر نہ تو کوئی قرض ہے اور نہ ہی اس کی زمین نیلام ہوئی ہے، وہ 200 بیگھہ زمین کا مالک ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

راجستھان میں اسمبلی انتخاب رواں سال کے آخر تک ہونا ہے اور اس کے لیے تاریخوں کا کبھی بھی اعلان ہو سکتا ہے۔ انتخاب کے پیش نظر ریاست میں سبھی سیاسی پارٹیاں سرگرم نظر آ رہی ہیں۔ خصوصاً کانگریس اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈران لگاتار راجستھان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس درمیان بی جے پی ایک پوسٹر معاملے میں بری طرح پھنستی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔

دراصل کانگریس حکومت کے خلاف بی جے پی نے ایک خاص مہم ’نہیں سہے گا راجستھان‘ چلا رکھی ہے۔ اس سلوگن کے ساتھ کچھ اشتہارات بھی شائع ہوئے ہیں۔ ایک پوسٹر میں کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے لکھا گیا ہے ’19 ہزار سے زیادہ کسانوں کی زمین نیلام، نہیں سہے گا راجستھان‘۔ پوسٹر میں ایک کسان کی تصویر بھی لگی ہوئی ہے۔ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ نہ ہی اس کسان کی زمین نیلام ہوئی ہے اور نہ ہی اس کی تصویر شائع کرنے کے لیے اجازت لی گئی ہے۔


’ٹی وی 9 بھارت وَرش‘ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پوسٹر پر جس کسان کی تصویر لگی ہوئی ہے اس کا نام مادھورام جئے پال ہے۔ مادھورام کا کہنا ہے کہ اس پر نہ تو کوئی قرض ہے اور نہ ہی اس کی زمین نیلام ہوئی ہے۔ وہ 200 بیگھہ زمین کا مالک ہے۔ اب کسان بی جے پی پر ہتک عزتی کا کیس کرنا چاہتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس بات کی حقیقت جاننے کے لیے ٹی وی 9 بھارت وَرش کی ٹیم نے اس کسان تک رسائی حاصل کی۔ پتہ چلا کہ جیسلمیر کے رامدیورا گاؤں کے ریکھیوں کی ڈھانی میں رہنے والے کسان مادھورام کی عمر 70 سال ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے بینر پر لگی تصویر ان کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ گاؤں کے ایک نوجوان سے انھیں بینر پر اپنی تصویر لگی ہونے کے بارے میں پتہ چلا۔ ان کے گاؤں سے ایک نوجوان کچھ دن پہلے جئے پور گیا۔ اس نے وہاں کئی مقامات پر یہ بینر لگا دیکھا۔ اس نے بینر کی تصویر کھینچ کر گاؤں کے ایک واٹس ایپ گروپ میں شیئر کیا۔ اسی گروپ میں کسان کا بیٹا جڑا ہوا تھا، اس نے یہ تصویر دیکھی تو اپنے والد کو بتایا۔

مادھورام کے مطابق پہلے تو انھیں کچھ سمجھ نہیں آیا کیونکہ بینر میں زمین نیلامی کی بات تھی اور ان کی کوئی زمین ہی نیلام نہیں ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ ’’میری تصویر بلاوجہ لگا دی، مجھ سے پوچھا بھی نہیں۔ میرے اوپر کوئی قرض نہیں ہے۔ اس تصویر کو ہٹاؤ۔‘‘ پھر وہ کہتے ہیں کہ ’’اگر میری زمین نیلام ہوتی یا میرے اوپر قرض ہوتا تو حکومت قرض معافی کرتی ہے یا زمین دبائے گی۔ میں بی جے پی والوں کو نہیں جانتا۔ میں نے کوئی قرض نہیں لیا۔ اگر کوئی مجھ سے کچھ مانگ رہا ہوتا تو تصویر چھاپتے، لیکن ایسا کچھ ہے ہی نہیں تو کیوں چھاپا؟ کسی کے پاس کوئی تو ثبوت ہوگا، تو پھر ثابت کرے کہ میری زمین نیلام ہوئی ہے۔‘‘


مادھورام کے بیٹے کا اس پورے معاملے میں کہنا ہے کہ بی جے پی پوسٹر/بینر سے تصویر ہٹائے، کیونکہ اس سے بدنامی ہو رہی ہے۔ کسان مادھورام جئے پال کے 3 بیٹے ہیں۔ سب سے بڑا بیٹا ہے بھورارام، ان سے چھوٹا گووندرام اور سب سے چھوٹا جگتارام۔ دو بڑے بیٹے اپنی فیملی کے ساتھ الگ رہتے ہیں اور سب سے چھوٹے بیٹے جگتارام والد کے ساتھ رہتے ہیں۔ جگتارام کا کہنا ہے کہ جب سے یہ بات سامنے آئی ہے، میرے والد ٹینشن میں رہتے ہیں۔ مجھ سے بار بار پوچھتے ہیں کہ اس تصویر کا کیا ہوا، ہٹی کہ نہیں؟ میں بی جے پی والوں سے گزارش کرتا ہوں کہ میرے والد کی تصویر پوسٹر سے ہٹا دیں۔ ہماری بدنامی ہو رہی ہے۔ لوگ طرح طرح کے تبصرے کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔