’’لو جہادیوں تمہارا یہی انجام ہوگا‘‘..دیکھیں ویڈیو

ویڈیو میں شمبھو ناتھ راج گر کو یہ کہتے سنا جا رہا ہے کہ جو لو جہاد میں شامل ہوگا اس کا یہی حال کیا جائے گا۔ یہ خبر ایک ٹی وی چینل پر تفصیل سےچل رہی ہے۔

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

راجستھان کے راج سمند علاقہ سے لو جہاد معاملے کی سنسنی خیز اور دل دہلادینے والی خبر آئی ہے۔ محمد بھٹہ شیخ نامی ایک شخص کو کچھ غنڈوں نے لو جہاد کے الزام میں زندہ جلا دیا۔ ان غنڈوں نے نہ صرف شیخ کو زندہ جلا یا بلکہ اس کا ویڈیو بھی بنایا۔ یہ پورا واقعہ راج نگر کے راج سمند علاقہ کی دیو ہیریٹیج روڈ پر پیش آیا۔

پولس کو پہلے اطلاع ملی کہ ایک نوجوان کا آدھ جلا جسم ملا ہے۔ اعلی پولس حکام ایس پی منوج کمار، اے ایس پی منیش ترپاٹھی، ڈی ایس پی راجیندر سنگھ موقع پر پہنچے اور انہوں نے وہاں پر انتہائی خراب حالت میں ایک لاش کو دیکھا۔ اسی وقت ڈاگ اسکویڈ اور فورنسک جانچ کی ٹیم طلب کی گئیں۔ پولس نے واردات کی جگہ کے آس پاس کے لوگوں سے لاش کو شناخت کرنے کے لئے کہا تو پتہ لگا کہ جو شخص ویڈیو میں جل رہا ہے اس کا نام محمد بھٹہ شیخ ہے۔ پولس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

شمبھو ناتھ کو ویڈیو میں یہ کہتے سنا جا سکتاہے ’’جہادیوں تمہارا یہ انجام ہوگا، جہادیوں یہ تمہاری حالت ہوگی، اور لو جہاد پھیلاؤ ہمارےدیش میں، ہمارے دیش میں ہر جہادی کی حالت یہ ہوگی، جہاد ختم کر دو، باقی ہر جہادی کی یہ حالت ہوگی۔ جہادیوں ہمارے دیش سے ہٹ جاؤ، یہ تمہارا انجام ہو گا۔ جہاد پورےبھارت سے ہٹا دو نہیں تو ایک ایک کو چن کے ماریں گے۔ ہر بھارتیہ کھڑا ہو کر ایسے مار دے گا، یہ تمہارا انجام ہو گا۔ میری سبھی ہندو بہنوں سے پراتھنا ہے ان جہادیوں کے پریم جال میں نہ پھنسیں۔ ایک ابلَا (مجبور) لڑکی کی مدد کرنے کی وجہ سے مجھے اپنی زندگی داؤ پر لگانی پڑی ہے۔‘‘

کھیتی باڑی میں استعمال اوزار جو واردات قتل میں استعمال کئے گئے اور مرحوم کی بائیک اور چپل موقع واردات سے ملے ہیں۔ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ مٹی کا تیل چھڑک کر نوجوان کو جلانے کی کوشش کی گئی۔ اسی دوران ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں شمبھو ناتھ راجگر نامی ایک شخص محمد بھٹہ شیخ کو پیٹتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔ ویڈیو میں صاف نظر آرہا ہے کہ پہلے اس شخص کو کھیتی باڑی کے اوزار سے مارا گیا پھر اس پر مٹی کا تیل چھڑک کر جلاد یا گیا۔اس ویڈیو میں شمبھو ناتھ راج گر کو یہ کہتے سنا جا رہا ہے کہ جو لو جہاد میں شامل ہوگا اس کا یہی حال کیا جائے گا۔ یہ خبر ایک ٹی وی چینل پر تفصیل سےچل رہی ہے۔

واضح رہے یہ پہلا معاملہ نہیں ہے ، راجستھان میں ماب لنچنگ اور لو جہاد کے معاملے مستقل بڑھ رہے ہیں اور حکومت ان سب معاملوں میں پوری طرح ناکام نظر آ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Dec 2017, 10:28 AM