راجستھان کے بیکانیر میں شدید سڑک حادثہ، دو کاروں کی ٹکر میں 5 لوگوں کی گئی جان، 4 زخمی
حادثہ شری ڈونگر گڑھ علاقہ کے سکھوال اوپون کے پاس قومی شاہراہ-11 پر رات تقریباً 11 بجے ہوا۔ سبھی متاثرین کھاٹو شیام جی مندر میں درشن کرنے کے بعد واپس ہو رہے تھے۔

سڑک حادثہ / یو این آئی
راجستھان کے بیکانیر ضلع میں پیر کی دیر رات ایک شدید سڑک حادثہ نے کئی کنبوں کو غمگین کر دیا۔ کھاٹو شیام جی مندر سے واپس ہو رہے عقیدت مندوں کی دو کاروں میں زبردست ٹکر ہو گئی جس میں 5 افراد کی جان چلی گئی جبکہ 4 شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ اس دردناک واقعہ کو دیکھ کر وہاں موجود لوگوں کی روح کانپ اُٹھی۔
یہ حادثہ شری ڈونگر گڑھ علاقہ کے سکھوال اوپون کے پاس قومی شاہراہ-11 پر رات تقریباً 11 بجے ہوا۔ دو سوئفٹ ڈیجائر کاروں کی آمنے سامنے کی زوردار ٹکر ہو گئی جس سے ایک کار میں سوار سبھی چار لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ دوسری کار کا ایک مسافر شدید زخمی حالت میں بیانیر لے جاتے وقت دم توڑ بیٹھا۔ چار لوگ زخمی ہیں جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ٹکر کے بعد دونوں کاریں پوری طرح تباہ ہو گئیں۔ کچھ لوگ ٹکر کے زور سے کانچ توڑتے ہوئے کار سے باہر جا گرے۔ پولیس و مقامی لوگوں کو کچھ لاشیں سڑک پر بکھری ملیں۔ کار کے اندر پھنسیں لاشوں کو نکالنے کے لیے گیس کٹر منگوانا پڑا۔ اس کے بعد گاڑیوں کو کاٹ کر لاشیں باہر نکالی گئیں۔ ایک لاش اتنی بُری طرح پھنسی ہوئی تھی کہ اسے بڑی مشقت سے ایک گھنٹے میں نکالا جا سکا۔
مہلوکین میں ابھئے سنگھ پورا باشندہ کرن، بگّا باشندہ دنیش جاکھڑ، شری ڈونگر گڑھ باشندہ مدن سارن اور بگّا باشندہ منوج جاکھڑ شامل ہیں۔ یہ سبھی کھاٹو شیام جی مندر سے درشن کرکے لوٹ رہے تھے۔ دوسری کار میں ناپاسر باشندہ ملّو عرف مہال چند بھارگو کی بھی موت ہو گئی۔ وہیں اسی گاڑی میں بیٹھے ناپاسر کے سنتوش کمار، سریندر، جتیندر اور لال چند زخمی ہوگئے ہیں۔ سبھی کو بیکانیر کے پی بی ایم اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔